بلاٹر نوبل انعام کے حقدار، پوٹین کا ادعا

ماسکو۔ 28 جولائی ۔ ( سیاست ڈاٹ کام ) روس کے صدر ولا دیمیر پوٹین نے کہا کہ فٹبال کی عالمی تنظیم فیفا کے صدر سپ بلاٹر امن کے نوبل انعام کے حقدار ہیں۔ خیال رہے کہ فیفا کرپشن کے الزامات کی زد میں ہے اور 2018 ء کے عالمی کپ کی میزبانی روس کو دیئے جانے کی تحقیقات بھی ہو رہی ہیں۔ رواں ماہ کے آغاز میں بلاٹر نے الزام عائد کیا تھا کہ جب 2010 ء میں بالترتیب روس اور قطر میں عالمی مقابلے کرانے کیلئے رائے شماری کی جاری رہی تھی تو تنظیم پر فرانس کے سابق صدر نکولس سرکوزی اور ان کے جرمن ہم منصب کرسچن وولف نے دباؤ ڈالا تھا۔ روس کے صدر نے ایک انٹرویو میں کہا کہ بلاٹر جیسے لوگوں یا پھر عالمی کھیلوں کی فیڈریشن یا اولمپکس گیمز سے وابستہ سربراہان کی خصوصی طور پر قدر کی جانی چاہیے۔ ’’اگر کوئی ہے جو نوبل انعام کا حقدار ہے تو وہ بلاٹر ہیں‘‘۔ بلاٹر نے  2جون کو اپنا عہدہ چھوڑ دیا جس کی وجہ فیفا کے سات عہدیداروں کی گرفتاری اور امریکہ میں جاری تحقیقات بنی۔