زیورخ ، 24 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) فٹبال کی عالمی تنظیم فیفا کے معطل صدر سپ بلاٹر اور نائب صدر مائیکل پلاٹینی پر عائد بد عنوانی کے الزامات اگر صحیح ثابت ہوجاتے ہیں تو دونوں پر سات سال کی پابندی عائد کی جاسکتی ہے۔ فیفا میں اخلاقیات سے متعلق تفتیش کرنے والوں نے 60 سالہ پلاٹینی اور 79 سالہ بلاٹر پر 13.5لاکھ پاؤنڈ لینے کے جرم میں پابندی کی تجویز دی ہے۔ پلاٹینی کی جانب سے وصول کی گئی اس رقم کے بارے میں کوئی تحریری معاہدہ نہیں ہے۔ توقع ہے کہ ضابطہ اخلاق کی کمیٹی اپنا فیصلہ کرسمس تک سنادے گی۔ بلاٹر اور پلاٹینی جو یورپی فٹبال تنظیم یوئیفا کے صدر بھی ہیں، موجودہ طور پر 90 یوم کیلئے معطل ہیں۔ تاہم دونوں نے کسی بھی قسم کے الزامات کی تردید کی ہے۔ ان کے بقول دونوں کا ایک زبانی معاہدہ ہوا تھا۔ ان پر اضافی الزامات بھی ہیں جن میں بد انتظامی، حساب کتاب میں دھوکہ دہی اور ضابطہ اخلاق کی کمیٹی کے ساتھ عدم تعاون شامل ہیں۔ اس کمیٹی کے جج جرمن ہیں اور انھوں نے مقدمہ کی باقاعدہ کارروائی کل شروع کردی اور فیصلہ اگلے ماہ تک ہی آئے گا۔ فیفا کا کہنا ہے کہ رپورٹس کو احتیاط سے پڑھا گیا ہے اور وہ مجوزہ پابندیوں کے حوالے سے تفصیلات عام نہیں کریں گے۔ تاہم کمیٹی نے کم سے کم سات سال کی پابندی عائد کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔