بلال کی ناقابل تسخیر 91 رنز کی اننگز رائیگاں

حیدرآباد ۔ 28 جنوری (سیاست نیوز) حیدرآباد کرکٹ اسوسی ایشن کے اے فور ونڈے ڈیویژن کے ایک مقابلہ میں محمد بلال احمد نے 11 چوکوں اور دو چھکوں کے ہمراہ ناقابل تسخیر 91 رنز کی اننگز ایسے وقت کھیلی جب ان کی ٹیم ایچ یو سی سی 36/6 کی نازک صورتحال سے پریشان تھی۔ اس موقع پر بلال نے کپتانی اننگز کے علاوہ ندیم (78) کے ساتھ ساتویں وکٹ کیلئے 152 رنز کی پارٹنر شپ نبھائی۔ 226 رنز کا کامیاب تعاقب کرتے ہوئے انکم ٹیکس کی ٹیم نے 227/2 کے ذریعہ آسان کامیابی حاصل کرلی۔ فاتح ٹیم کیلئے پی آنند نے 126 رنز کی اننگز کھیلی۔ ایچ یو سی سی کیلئے اسلم اور کلیم نے بالترتیب 20 اور 38 رنز کے عوض فی کس ایک وکٹ حاصل کی۔

اسپرنگ فیلڈ اسکول میں اسپورٹس ڈے
حیدرآباد ۔ 28 جنوری (راست) مانصاحب ٹینک اور ٹولی چوکی کے اسپرنگ فیلڈ اسکول نے مشترکہ طور پر سالانہ اسپورٹس میٹ ’’سینرجی 2014‘‘ کا انعقاد کے وی بی آر انڈور اسٹیڈیم میں کیا۔ اسپورٹس ڈے کے موقع پر جہاں اسکول کے طلبہ نے مختلف اسپورٹس جیسے ڈریلس، کراٹے، ایروبکس، ووشو، جمناسٹک کے مختلف مقابلوں میں اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا۔ مہمان خصوصی انٹرنیشنل ٹائیک ہنڈو چمپیئن ورشا بندے کے علاوہ اعزازی مہمان ڈاکٹر ظفرالدین کے علاوہ محترمہ انجم بابوخاں بھی موجود تھیں۔ اس موقع پر تعلیمی سال 2012-13ء کے سرفہرست طلبہ کو ٹرافی کے علاوہ نقد 10 ہزار روپئے انعام بھی دیا گیا۔ دریں اثناء سینئر پرنسپل اسماء سبحانہ نے اپنی تقریر میں طلبہ کیلئے نصیحتیں کیں تاکہ وہ مستقبل میں ملک اور قوم کیلئے اپنی صلاحیتیں وقف کرسکیں۔