دبئی، 6 اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام) انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے پاکستانی آف اسپنر بلال آصف کا بولنگ ایکشن مشکوک بتایا ہے۔ آئی سی سی کے مطابق زمبابوے کے خلاف سیریز میں اپنا انٹرنیشنل کریئر شروع کرنے والے بلال نے فیصلہ کن تیسرے ونڈے میں 5 وکٹیں لے کر شاندار کارکردگی دکھائی تھی۔ اس میچ کے بعد امپائرز نے بلال آصف کے بولنگ ایکشن پر شکوک کا اظہار کرتے ہوئے پاکستانی ٹیم کی انتظامیہ کو اس سے آگاہ کردیا۔ بلال کو 14 روز کے اندر آئی سی سی کے منظور شدہ بائیو میکانک لیاب سے معائنہ کرا کر اپنا بولنگ ایکشن کلیئر کرانا ہوگا۔ پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے بھی بلال آصف کا ایکشن رپورٹ ہونے کی تصدیق کردی ہے۔ یہ پہلا موقع نہیں کہ پاکستان کے کسی بولر کے ایکشن کو مشکوک قرار دیا گیا ہو۔ حالیہ عرصے میں پاکستان کے سعید اجمل اور محمد حفیظ کے بولنگ ایکشن مشکوک قرار دیئے گئے تھے۔