میونسپلٹی ظہیرآباد کا ہنگامی اجلاس، رکن پارلیمنٹ بی بی پاٹل کا خطاب
ظہیرآباد۔/21 اگسٹ ، (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) میونسپلٹی ظہیرآباد کا آج ایک ہنگامی اجلاس زیر صدارت صدرنشین بلدیہ شبانہ بیگم منعقد ہوا جس میں رکن پارلیمنٹ ظہیرآباد بی بی پاٹل اور رکن ریاستی قانون ساز کونسل محمد فرید الدین نے بہ اعتبار عہدہ اراکین کی حیثیت سے شرکت کی۔ اس موقع پر پیش کردہ دو نکاتی ایجنڈہ پر کافی تلخ و تند مباحث کے بعد ایک کو منظوری دے دی گئی جبکہ دوسرے کو معرض التواء میں رکھا گیا جسے تین ماہ قبل منعقدہ بلدی اجلاس میں منظوری دینے سے گریز کیا گیا تھا۔ بعد ازاں شرکاء اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے رکن پارلیمنٹ بی بی پاٹل نے تمام اراکین بلدیہ پر زور دیا کہ وہ بلا لحاظ جماعتی وابستگی ترقیاتی کاموں کو اولین ترجیح دیں اور میونسپل ظہیرآباد کو مثالی بنانے کے واحد مقصد کے تحت کام کریں۔ انہوں نے پابندی کے ساتھ بلدی اجلاس منعقد نہ کرنے پر اپنی ناراضگی کا اظہار کیا اور کہا کہ ترقیاتی کاموں کی انجام دہی کو یقینی بنانے کیلئے پابندی کے ساتھ اجلاس کا انعقاد عمل میں لانا ضروری ہے۔ انہوں نے میونسپلٹی حدود میں توسیع کے باعث میونسپل لیبرس کی تعداد میں فوری اضافہ کی ضرورت کی جانب توجہ دلائی۔ ایم ایل سی محمد فرید الدین نے خطاب کرتے ہوئے ادعا کیا کہ ترقیاتی کاموں کو انجام دینے کے لئے ریاستی حکومت کے پاس فنڈ کی کوئی کمی نہیں ہے۔ انہوں نے انکشاف کرتے ہوئے کہا کہ ریاستی حکومت نے میونسپلٹی ظہیرآباد میں ترقیاتی کاموں کی انجام دہی کیلئے تاحال 63 کروڑ روپئے کی فاضل رقم کی اجرائی عمل میں لائی ہے اور ان کاموں کو انجام دینے کیلئے ٹنڈرس بھی منظور کئے گئے تھے مگر افسوس کہ گتہ داروں کی جانب سے کاموں میں ہورہی سست روی کے باعث بلدی عوام میں بے چینی پائی جارہی ہے۔ انہوں نے منظورہ کاموں کی عاجلانہ تکمیل پر زور دیا۔ انہوں نے میونسپلٹی حدود میں شامل کئے گئے مواضعات میں خاص طور پر روشنی کے بہتر انتظامات، پینے کے پانی کی موثر سربراہی اور صاف صفائی پر خصوصی توجہ دینے کی ضرورت پر زور دیا۔ زائد از تین ماہ کے بعد طلب کردہ اس ہنگامی اجلاس میں بلدی عہدیداروں وکرم سنہا ریڈی میونسپل کمشنر، سریدھر ریڈی میونسپل انجینئر اور دیگر بشمول محمد عظمت پاشاہ نائب صدر نشین بلدیہ، محمد جہانگیر، طاہرہ بیگم، این روی کمار، راج شیکھر، محمد عبداللہ، کے سجاتا، محمد یونس، موتی رام، راملو نیتا، معراج بیگم، پرینکا، سی ایچ لکشمی، پشپالتا، بی انا پورنا، کے سجاتا، پنیماں، نارائن ریڈی، نریش کمار، برہملا، محمد اکبر درگاہی، اراکین و معاون اراکین اور دوسرے موجود تھے۔