رائے پور/بلاس پور،19ستمبر(سیاست ڈاٹ کام)چھتیس گڑھ کے بلاس پور میں کانگریس دفتر میں گھس کر پولیس کے ذریعہ کل کئے گئے لاٹھی چارج کے خلاف کانگریس کارکنان نے آج ریاست بھر میں احتجاجی مظاہرہ کیا اور وزیراعٖلی ڈاکٹر رمن سنگھ کے پتلے پھونکنے کی کوشش کی۔ دارالحکومت رائے پور میں بوڑھے تالاب پر بہت بڑی تعداد میں ضلع شہر کانگریس کے صدر گریش دوبے کے اعلان پر پہنچے کانگریس کارکنان نے وزیراعلی اور پولیس کے خلاف نعرے لگائے اور ڈاکٹر سنگھ کے پتلے پھونکنے کی کوشش کی۔کانگریس کارکنان کافی غصے میں تھے اور وہ کئی پتلے لے کر آئے تھے ،پولیس کوانہیں پتلے جلانے سے روکنے میں کافی مشقت کرنی پڑی۔پولیس نے کافی تعداد میں کانگریس کارکنان کو حراست میں لے لیا۔ ریاست میں کانگریس کارکنان کے سڑکوں پر اترکر مخالفت کرنے اور پتلے پھونکنے کی کوشش کرنے کی خبریں ملی ہیں۔بلاس پور سے ملی خبروں کے مطابق وزیر امر اگروال کی رہائش گاہ کی سمت جانے والی سڑک کو بریگیٹس لگاکر بند کردیا گیا ہے اور سیول لائنس پولیس تھانے اور کانگریس دفتر کے سامنے بھی بڑی تعداد میں پولیس دستے کو تعینات کیاگیا ہے ۔