بقرعید اور گنیش تہوار کے موقع پر شہر میں سخت بندوبست‘افواہیں پھیلانے والوں کے خلاف سخت کارروائی کا انتباہ

حیدرآباد ۔ 12ستمبر ( سیاست نیوز) عیدالاضحیٰ اور گنیش تہوار کے پیش نظر پرانا شہر کے حساس علاقوں میں پولیس اور نیم فوجی دستوں نے کمشنر پولیس حیدرآباد کی نگرانی میں فلیگ مارچ کیا ۔ چارمینار علاقہ سے فلیگ مارچ آغاز کیا گیا جو پرانا شہر کے حساس علاقوں راجیش میڈیکل ہال ‘ سلطان شاہی ‘ گولی پورہ ‘ ناگول چنتا ‘ سید علی چبوترہ ‘ علی آباد ‘ شمشیر گنج ‘ انجن باؤلی سے فلک نما پر اختتام کو پہنچا ۔ عید اور گنیش نمرجن کے  مدنظر حیدرآباد سٹی پولیس نے دونوں شہروں میں جملہ 21,000پولیس عملہ کو متعین کیا ہے جس میں ساؤتھ زون میں 5000 عملہ کو تعینات کیا گیا ۔ حیدرآباد سٹی پولیس نے 12,000 سی سی ٹی وی کیمروں کی مدد سے دونوں تہواروں پر کڑی نظر رکھی جائے گی جب کہ عیدا لاضحی اور مرکزی نمرجن جلوس کیلئے خصوصی طور پر  400ہائی ڈیفنیشن سی سی ٹی وی کیمرے نصب کئے گئے ہیں ۔ ان کیمروں کے ذریعہ حیدرآباد پولیس کے کمانڈ کنٹرول کے ذریعہ کڑی نظر رکھی جائے گی ۔ کمشنر پولیس حیدرآباد مسٹر ایم مہیندر ریڈی نے آج پرانا شہر کے کئی علاقوں بالخصوص تاریخی چارمینار ‘ پرانا پل ‘ عیدگاہ میر عالم ‘ بالاپور ‘ کندیکل گیٹ ‘ گولی پورہ اور چھتری ناکہ علاقوں کا دورہ کرتے ہوئے وہاں پر متعین پکٹس کا جائزہ لیا ۔ کمشنر پولیس  نے افواہوں پھیلانے والوں کو انتباہ دیتے ہوئے کہا کہ سوشل میڈیا اور کسی بھی قسم کے ذریعہ اشتعال پیدا کرنے والوں کو ہرگز بخشا نہیں جائے گا ۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی ہے کہ سوشل میڈیا بالخصوص واٹس اپ اور فیس بک پر غیر مصدقہ مواد پر بھروسہ نہ کرے اور تشویش ہونے پر متعلقہ پولیس سے ربط پیدا کریں ۔ انہوں نے کہا کہ افواہ پھیلانے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی اور جھوٹی اطلاعات کو شیرنگ کے ذریعہ پھیلانے والوں کے خلاف بھی تعزیرات ہند کی دفعات کے تحت سخت کارروائی کی جائے گی ۔ مسٹر مہیندر ریڈی نے کہا کہ عید الاضحی اور گنیش نمرجن کے پُرامن اختتام کیلئے حیدرآباد سٹی پولیس کمیونٹی پولیسنگ اور نوجوان طبقہ کو اپنے ساتھ شامل کررہی ہے ۔