بغیرٹکٹ سفر کرنے اور غیرقانونی سرگرمیوں میںملوث افراد کو انتباہ

کاغذنگر میں ریلوے سرکل انسپکٹر آف پولیس ستیندر کمار کی پریس کانفرنس
کاغذنگر ۔26 اگست ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) ٹرینوں میں بغیر ٹکٹ سفر کرنے والوں اور غیرقانونی سرگرمیوں میں ملوث افراد کو بخشا نہیں جائے گا ۔ ان خیالات کا اظہار کاغذنگر ریلوے پولیس اسٹیشن میں آر پی ایف سرکل انسپکٹر ستیندر کمار نے کیا ۔ انہوں نے کہا کہ آصف آبادریلوے اسٹیشن تا مانی گڈھ ریلوے اسٹیشن کے علاقہ میں کوئی بھی ناخوشگوار واقعات رونما نہ ہوں اس پرکڑی نظر رکھی جائے گی اور ٹرینوں میں بغیر ٹکٹ کے سفر کرنے والے مسافرین کے خلاف سخت کارروائی کرنے کا انتباہ دیا گیا اور کوئی بھی غیرقانونی کاموں کو انجام دینے والوں کو معاف نہیں کیا جائے گا ۔ انہوں نے اپنی گفتگو جاری رکھتے ہوئے کہا کہ تلنگانہ کے علاقوں سے غیرقانونی طور پر راشن شاپس کے چاول کی ریاست مہاراشٹرا کو منتقلی کی جارہی ہے اور راشن چاول کو غیرقانونی منتقلی کی روک تھام کیلئے ریلوے پولیس ٹیم کی تشکیل دی گئی ہے اور اب تک 12لاکھ روپئے کے چاول کو ضبط کرتے ہوئے متعلقہ عہدیداروں کے حوالے کردیا گیا ہے ۔ اس کے علاوہ ریلوے پٹریوں کے اطراف و اکناف کے علاقوں میں موجود ریلوے کے سامان لوہا وغیرہ کی بھی نامعلوم افراد کی جانب سے غیرقانونی منتقلی پر سرقہ کرنے کی اطلاعات وصول ہوئی ہیں ۔ ان پر بھی ہماری ریلوے پولیس مجرموں کو حراست میں لیتے ہوئے 28ہزار روپئے جرمانہ صول کیا ہے ۔ اس کے علاوہ پٹرولنگ ریلوے پولیس ٹیم گشت کررہی ہے ۔ اس موقع پر انہوں نے خاص طور پر خاتون مسافرین سے اپیل کی کہ وہ دوران سفر ٹرین کی کھڑکی کے قریب نہ بیٹھیں کیونکہ اکثر کھڑکی کے قریب بیٹھنے والی خواتین کے گلے سے چین اور کان کے بالیوں کا سرقہ کرلیا جاتا ہے اور اگر ٹرین میں سفر کے دوران کوئی بھی ناخوشگوار واقعہ پیش آئے تو ایکسپریس ٹرین کے مسافرین کیلئے صرف 182 نمبر کو کال کرنے پر اگلے ریلوے اسٹیشن پریلوے پولیس کی مدد مل جائے گی ۔ اس کے علاوہ انہوں نے ریلوے مسافرین سے اپیل کی کہ ٹرینوں میں صاف صفائی کا خصوصی خیال رکھنے کا مشورہ دیا اور انہوں نے کہا کہ کاغذ نگر ریلوے اسٹیشن کے روبرو ٹریفک قوانین کے مطابق موٹر گاڑیوں کو رکھنے کا مشورہ دیا کیونکہ موٹر سیکل اسٹانڈ میں نہیں رکھا گیا تو قانونی کارروائی کرنے کا انتباہ دیا گیا ۔ ٹرین کی آمد کے وقت تمام پاسنجر آٹوؤں کا قافلہ ریلوے اسٹیشن کے روبرو آجانے سے ٹرین کے مسافرین کو ریلوے اسٹیشن سے باہر نکلنے میں کافی دشواریاں ہورہی ہیں اور چوروں کو پاکٹ مارنے میں اور خواتین کے بیاگس کا سرقہ ہورہا ہے ۔ اس لئے آٹوؤں کو قطار میں رکھیں ۔