بغداد 9 مئی ( سیاست ڈاٹ کام ) عراق میں بغداد کے قریب زائرین کے قافلہ کو نشانہ بناتے ہوئے کئے گئے ایک کار بم دھماکہ میں سات افراد ہلاک ہوگئے ہیں۔ سکیوریٹی و میڈیکل حکام نے یہ اطلاع دی ۔ پولیس کے ایک کرنل نے کہا کہ کہرمانا اسکوائر کے قریب پارک کی گئی ایک کار دھماکہ سے پھٹ پڑی ۔ اس دھماکہ کے ذریعہ زائرین کو نشانہ بنایا گیا تھا ۔ عراقی وزارت داخلہ کے ایک عہدیدار نے کہا کہ کم از کم سات افراد اس دھماکہ میں ہلاک ہوئے ہیں اور 20 دوسرے زخمی ہوئے ہیں۔ میڈیکل ذرائع نے بھی ہلاکتوں کی توثیق کی ہے ۔ عراق میں شیعہ زائرین کاظمیہ میں امام موسی کاظم کے روضہ کی زیارت کو جاتے ہیں۔ سکیوریٹی فورسیس کی جانب سے اطراف میں ٹریفک پر تحدیدات عائد کردی گئی ہیں۔