بغداد کے قریب داعش پر امریکی بمباری

بغداد۔ 16 سپٹمبر (سیاست ڈاٹ کام) امریکہ نے عراق میں داعش کے خلاف جاری اپنے فضائی حملوں کے سلسلے میں پہلی بار بغداد سے متصل علاقوں میں کارروائی کی ہے اور داعش کے ٹھکانوں کو بمباری کا نشانہ بنایا ہے۔ اس بارے میں فوجی حکام کا کہنا ہے، ” امریکی جنگی طیاروں نے پچھلے چوبیس گھنٹوں کے دوران بغداد اور سنجار کے نزدیک دو الگ الگ مقامات پر کارروائی کی ہے۔ واضح رہے امریکہ ماہ اگست سے عراق میں داعش کے ٹھکانوں پر فضائی حملے کر رہا ہے۔ یہ حملے پہلے موصل اور اس کے آس پاس کیے جاتے رہے ہیں۔ اب عراق کی سکیورٹی فورسز کی مدد کیلئے ان حملوں کے دائرے میں وسعت لائی جا رہی ہے۔ امریکی حکام نے کہا ، ” بغداد کے جنوب مغرب پہلی مرتبہ کارروائی کی گئی ہے، اس کارروائی کا تعلق اوباما کے پیش کردہ داعش مخالف حکمت عملی کے نئے خاکے سے ہے۔ حملے کے دوران سنجار کے قریب داعش کی چھ گاڑیاں تباہ کی گئی ہیں۔