بغداد ۔ 29 مئی (سیاست ڈاٹ کام) عراق کی دو بڑی ہوٹلوں پر کی گئی بمباری کے واقعہ میں تازہ ترین اطلاع کے مطابق ہلاکتوں کی تعداد 15 ہوگئی ہے جبکہ زخمیوں کی تعداد 42 بتائی جارہی ہے۔ ووہرہ حملہ جمعرات کی شب کو اس وقت ہوا جب کرسٹل ہوٹل جو سابق میں شیراٹن کے نام سے جانی جاتی تھی اور باہل ہوٹلس کے پارکنگ علاقہ میں دھماکے ہوئے۔ ابتدائی خبروں میں 10 افراد کی ہلاکت کے بارے میں کہا گیا تھا جبکہ زخمیوں کی تعداد 27 بتائی گئی تھی۔ تاہم رات گذرنے کے ساتھ ہی ہلاکتوں اور زخمیوں کی تعداد میں اضافہ ہوگیا۔ تمام عہدیداروں نے اپنی شناخت مخفی رکھے جانے کی شرط پر یہ معلومات فراہم کی کیونکہ انہیں میڈیا سے بات کرنے کی اجازت نہیں ہے۔ حالانکہ کسی بھی فرد یا تنظیم نے حملہ کی ذمہ داری قبول نہیں کی ہے۔ تاہم یہ بھی ایک المیہ ہے کہ عراق میں تقریباً روزانہ کوئی نہ کوئی دھماکہ ہورہا ہے جس کی ذمہ داری عام طور پر دولت اسلامیہ گروپ قبول کرتا آرہا ہے جس نے گذشتہ سال سے اب تک جنگ کرتے ہوئے عراق کے کئی علاقوں پر قبضہ کرلیا ہے۔