بغداد میں خودکش بم حملہ، کم از کم 22 ہلاک

بغداد ۔ 9 فبروری (سیاست ڈاٹ کام) بغداد پر خودکش بم حملہ میں کم از کم 22 افراد ہلاک اور دیگر کئی زخمی ہوگئے۔ حکومت نے چند دن قبل ہی ملک گیر سطح سے رات کا کرفیو برخاست کردیا تھا جو 10 سال سے زیادہ مدت سے بغداد میں نافذ تھا۔ پہلا خودکش بم حملہ میں ایک مصروف پرہجوم چوراہے پر صبح کے اوقات میں خودکش بم بردار نے دھماکو مادوں کی جاکٹ دھماکہ سے اڑا دی۔ ادان چوراہے پر اس خودکش بم حملہ میں ہلاکتوں کی تعداد 22 اور زخمیوں کی 42 ہے۔ چند گھنٹوں بعد ایک اور بم حملہ بغداد کے شمال مغربی مضافات حسینیہ میں ایک تجارتی علاقہ میں کیا گیا جس سے 4 شہری ہلاک اور دیگر 9 زخمی ہوگئے۔ دو دن قبل وزیراعظم حیدرالعبادی نے نصف شب سے 5 بجے صبح تک کا کرفیو جو بغداد میں 2004ء سے نافذ تھا، برخاست کردیا تھا۔ حکومت نے 2011ء میں امریکی فوج کے تخلیہ کے بعد نظم و ضبط برقرار رکھنے کی سخت جدوجہد کی ہے۔ دولت اسلامیہ نے بغداد اور مضافات میں سابق حملوں کی ذمہ داری قبول کی تھی۔ تاہم موجودہ خودکش بم حملوں کی ذمہ داری تاحال کسی بھی گروپ نے قبول نہیں کی ہے۔ امریکہ زیرقیادت اتحاد دولت اسلامیہ کے انتہاء پسندوں کے خلاف گذشتہ اگست سے فضائی حملو ںمیں مصروف ہے لیکن تاحال اس گروپ پر قابو نہیں پایا جاسکا۔