بغداد، 21 اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام) عراق میں شیعہ آبادی پر خودکش اور کار بم حملوں کا سلسلہ جاری ہے۔دارالحکومت بغداد میں نئے حملوں میں 19افراد ہلاک اور 20سے زیادہ زخمی ہوگئے ہیں جبکہ ملک کے سرکردہ شیعہ رہنما آیت اللہ السیستانی نے وزیراعظم حیدر العبادی کے زیرقیادت نئی حکومت کی دولت اسلامیہ (داعش) کے جنگجوؤں کے خلاف جنگ میں حمایت کا اظہار کیا ہے۔ وزیراعظم حیدر العبادی نے دوشنبہ کو جنوبی شہر نجف میں آیت اللہ السیستانی سے ملاقات کی ہے۔ انھوں نے اس کے بعد صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ السیتانی نے نئی حکومت کی تشکیل کا خیرمقدم کیا ہے۔بم دھماکوں کے تین واقعات میں طالبیہ میں 8 افراد ، وسطی بغداد میں 5 اور میدان میں 2 افراد ہلاک ہوگئے۔ مزید چار شہری مغربی اور شمالی عراق میں ہلاک ہوئے ہیں۔