بغداد۔ 9؍نومبر (سیاست ڈاٹ کام)۔ کار بم دھماکوں کی ایک لہر سے بغداد کی شیعہ غالب آبادی والے علاقہ میں کم از کم 31 افراد ہلاک ہوگئے۔ فوج اور طبی عہدیداروں نے کہا کہ 6 کار بم دھماکے ہوئے جن میں سے 5 بغداد میں ہوئے تھے۔ زخمیوں کی تعداد 90 سے بھی زیادہ ہے۔ مہلک ترین واحد حملہ ثنا اسٹریٹ پر کیا گیا جس میں کم از کم 10 افراد ہلاک ہوگئے۔ یہ سڑک کربلا کے قلب میں واقع ہے۔ بغداد میں تقریباً روزانہ بم دھماکے اور فائرنگ کے واقعات پیش آتے ہیں جن میں سے چند کی ذمہ داری دولت اسلامیہ کے جہادیوں نے قبول کی ہے۔ دولت اسلامیہ جون سے ملک کے بیشتر علاقے پر قابض ہیں۔