بشیر باغ میں مہیب آتشزدگی سافٹ ویر کمپنیوں و دیگر دفاتر کو نقصان

حیدرآباد۔/17مئی ، ( سیاست نیوز) شہر کے مصروف ترین علاقہ بشیر باغ پر واقع سافٹ ویر کمپنیوں اور دیگر دفاتر میں مہیب آتشزدگی کا واقعہ پیش آیا اور 6 گھنٹوں کی کوششوں کے بعد آگ پر قابو پایا گیا۔ تفصیلات کے بموجب جو مہاویر ہاوز متصل دفتر کمشنر پولیس حیدرآباد واقع ہے کی پانچویں منزل میں آج شام ساڑھے چھ بجے اچانک آگ لگ گئی۔ فائر کنٹرول روم کو اس حادثہ کی اطلاع ملنے پر شہر کے تمام فائر اسٹیشنوں کے 10 فائر انجنس کو آگ پر قابو پانے کیلئے متعین کیا گیا ۔ اسسٹنٹ ڈسٹرکٹ فائر آفیسر مسٹر پربھاکر ریڈی نے بتایا کہ پانچویں منزل پر آگ لگنے کے نتیجہ میں فائر انجن عملے کو آگ پر قابو پانے میں کافی دشواریاں پیش آئیں۔ انہوں نے کہا کہ عصری ٹکنالوجی کے فائر انجنس کی مدد سے بالآخر آگ پر قابو پایا گیا۔ انہوں نے کہا کہ شارٹ سرکٹ کے نتیجہ میں مہیب آتشزدگی کا واقعہ پیش آیا۔ پولیس نارائن گوڑہ نے اس ضمن میں ایک مقدمہ درج کرتے ہوئے تحقیقات کا آغاز کردیا۔