بشار الاسد کے رشتہ دار لڑائی میں ہلاک

دمشق، 24 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) شامی فوج کے اعلیٰ عہدیدار اور صدر بشارالاسد کے کزن ہلال الاسد ترکی کی سرحد کے قریب واقع صوبہ اللاذقیہ میں باغی جنگجوؤں کے خلاف لڑائی کے دوران مارے گئے ہیں۔ سرکاری خبررساں ایجنسی سانا کی اطلاع کے مطابق ہلال الاسد شمال مغربی صوبہ اللاذقیہ میں نیشنل ڈیفنس پیراملٹری فورس کے سربراہ تھے اور وہ سرحدی قصبہ کبس میں اتوار کو باغیوں کے خلاف شدید جھڑپوں میں جان گنوا بیٹھے ہیں۔ نیشنل ڈیفنس فورس نیم فوجی دستوں پر مشتمل ہے اور یہ ملیشیا صدر بشارالاسد کی حکومت کا تختہ الٹنے کیلئے محاذآراء باغی جنگجوؤں کی سرکوبی کیلئے بنائی گئی تھی۔شامی فوج نے کسی اور کے بجائے صدر کے چچا زاد کو اس کی کمان سونپی تھی۔ برطانیہ میں قائم شامی آبزرویٹری برائے انسانی حقوق کی اطلاع کے مطابق ہلال الاسد اپنے سات جنگجوؤں سمیت النصریہ محاذ اور دوسرے اسلامی جنگجو گروپوں کے ساتھ لڑائی میں ہلاک ہوئے ہیں۔شامی فوج اور باغیوں کے درمیان گزشتہ جمعہ سے کبس میں شدید لڑائی ہورہی ہے اور باغیوں نے اس قصبے کے بیشتر حصے کا کنٹرول حاصل کرلیا تھا۔تین جہادی گروپوں کی جانب سے اللاذقیہ میں شامی فوج کے خلاف حملوں کے آغاز کے بعد سے وہاں شدید لڑائی ہورہی ہے اور اس میں اب تک دونوں متحارب گروہوں کے 80 جنگجو مارے جاچکے ہیں۔