دمشق۔30 جولائی ۔(سیاست ڈاٹ کام) صدر بشارالاسد کی جانب سے باغیوں کیلئے عام معافی کے اعلان کے ساتھ ساتھ ان کے حامیوں کی طرف سے عام شہریوں کو سنگین نتائج کی دھمکیاں دی جا رہی ہیں۔صدر اسد کی طرف سے حکومت مخالف باغیوں کیلئے ہتھیار ڈالنے کی صورت میں معافی دیئے جانے کے اعلان پرسوشل میڈیا پر طنزیہ رد عمل سامنے آیا ہے صدر اسد کے عام معافی کے بیان کے ساتھ ساتھ شام کے سرکاری فوج کے زیر کنٹرول علاقوں میں سرگرم اسدی حامیوںکی طرف سے عام شہریوں کو سنگین نتائج کی دھمکیاں دی جا رہی ہیں۔ میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ شمالی حلب کے جن علاقوں کو حال ہی میں شامی فوج نے روسی فوج اور ایران نواز ملیشیا کی معاونت سے باغیوں سے چھڑایا ہے، وہاں کی آبادی کو بشار الاسد کے حمایتی سنگین نتائج کی دھمکیاں دے رہے ہیں۔ صدر اسد کے حامی عناصر عام آبادی کو کھلے عام کہہ رہے ہیں کہ انہوں نے شامی فوج کی آمد پر جشن نہیں منایا۔ اس پرانہیں اس کی سزا دی جائے گی۔ ان کی زبانیں کاٹ دی جائیں گی اور جشن نہ منانے کی بھاری قیمت چکانا پڑے گی۔