بشار الاسد کو اقتدار سے ہٹانا ہماری ترجیح نہیں: امریکہ

واشنگٹن ۔ 31 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) اقوام متحدہ میں متعین امریکی سفیر نکی ہیلی نے کہا ہے کہ ان کا ملک شام میں جاری خون خرابہ ختم کرانے اور جنگ بندی کا خواہاں ہے۔ بشار الاسد کو اقتدار سے ہٹانے میں ہمیں کوئی دلچسپی نہیں۔ دوسری جانب شامی اپوزیشن نے امریکی سفیر کے موقف کو مسترد کرتے ہوئے بشار الاسد کے شام کے مستقبل میں کسی بھی کردار کو قبول کرنے سے انکار کیا ہے۔نیویارک میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے امریکی سفیرہ کا کہنا تھا کہ لوگ اپنی مرضی کا معرکہ اختیار کرتے اور اس میں اترتے ہیں۔ جب ہم ایسے کسی معاملے پر نظر ڈالتے ہیں تو ہم دیکھتے ہیں کہ ہمیں اپنی ترجیحات بدلنے کی ضرورت ہے یا نہیں۔ ہماری ترجیحات میں بشار الاسد کو اقتدارسے ہٹانا ہرگز نہیں ہے۔قبل ازیں امریکی وزیرخارجہ ریکس ٹیلرسن نے ایک بیان میں کہا تھا کہ شامی عوام کو فیصلہ کرنا ہے کہ آیا وہ بشار الاسد کا ملک کے مستقبل میں کوئی سیاسی کردار قبول کرتے ہیں یا نہیں۔ ترک وزیرخارجہ کے ہمراہ ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مسٹر ٹیلرسن کا کہنا تھا کہ بشار الاسد کیطویل المیعاد کردار کا فیصلہ شامی عوام ہی کریں گے۔