حیدرآباد ۔ یکم / اگست (سیاست نیوز) حیدرآباد ٹریفک پولیس نے ایک آر ٹی سی ڈرائیور کو بس چلاتے ہوئے موبائیل فون پر بات کرنے کے الزام میں 1000 روپئے کا چالان کیا اور اسے عدالت میں پیش ہونے کی ہدایت دی ۔ انسپکٹر ملک پیٹ ٹریفک پولیس اسٹیشن مسٹر وینکٹ ریڈی کے بموجب میٹرو لکژری آر ٹی سی بس کے ڈرائیور محمد حفیظ الدین کوٹھی تا دلسکھ نگر کے راستے کے درمیان یشودھا ہاسپٹل کے قریب بس چلاتے وقت موبائیل فون پر بات کررہے تھے اور اس حرکت کو ٹریفک پولیس عملہ نے دیکھ کر انہیں فوری روک لیا ۔ ٹریفک پولیس نے آر ٹی سی بس ڈرائیور کو 1000 روپئے کا جرمانہ عائد کرتے ہوئے ٹریفک ٹریننگ انسٹی ٹیوٹ واقع گوشہ محل میں کونسلنگ کیلئے رجوع ہونے اور بعد ازاں ٹریفک کورٹ میں حاصل ہونے کی ہدایت دی ۔ اس کارروائی کے دوران ٹریفک پولیس نے بس ڈرائیور کے شناختی کارڈ کو ضبط کرلیا ۔