کابل ۔ 4 مئی (سیاست ڈاٹ کام) کابل میں آج ایک خودکش بم حملہ آوزے ایک سرکاری بس کو نشانہ بنایا جس میں ایک شہری ہلاک اور 15 دیگر زخمی ہوگئے۔ یہاں اس بات کا تذکرہ ضروری ہیکہ شورش پسندوں کے نمائندوں نے افغان وفد کے ساتھ ملک میں 13 سال سے جاری جنگ کے خاتمہ کیلئے بات چیت کی تھی۔ بس میں اس وقت اٹارنی جنرل کے دفتر میں برسرکار ملازمین سوار تھے۔ افغانستان کی وزارت داخلہ نے اس خودکش حملے کی زبردست مذمت کی ہے۔ دھماکہ کی شدت کا اندازہ اس بات سے بھی لگایا جاسکتا ہیکہ بس کو نقصان پہنچنے کے علاوہ آس پاس کے مکانات اور دکانات کی کھڑکیوں اور دروازوں کے شیشے بھی چکناچور ہوگئے۔ یہاں اس بات کا تذکرہ کرنا بیجا نہ ہوگا کہ طالبان نے حال ہی میں موسم بہار کے حملوں کا آغاز کرنے کا اعلان کیا تھا۔ بس میں خودکش حملہ ان ہی حملوں کا آغاز تصور کیا جارہا ہے کیونکہ جنگ بندی پر افغان حکومت اور طالبان مذاکرات ناکام ہوچکے ہیں جس کے بعد یہ بات بھی قابل غور ہیکہ آخر 13 سال کی طویل جنگ کا اختتام کب ہوگا؟ ۔