ڈرائیور کی شکایت پر پولیس کی مداخلت، تعلیم پر توجہ کا مشورہ
نارائن پیٹ۔/3 اکٹوبر، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) وقت کی پابندی کے ساتھ بسوں کو چلانے کا مطالبہ کرتے ہوئے نارائن پیٹ منڈل کے موضع کوٹا کنڈہ ، ترملا پور، اینگا پور، بنڈا گنڈا ، بوئلا پلی اور بسی ریڈی پلی سے تعلق رکھنے والے طلباء اور طالبات نے بس ڈرائیور کے ساتھ بحث و مباحث کے بعد راستہ میں بس میں توڑ پھوڑ کی جس کے بعد بس ڈرائیور نے بس کو سیدھے نارائن پیٹ پولیس اسٹیشن احاطہ میں لیجاکر تمام طلباء و طالبات کے خلاف شکایت کی۔ اس موقع پر سب انسپکٹر نارائن پیٹ سرینواس نے تمام تفصیلات حاصل کرتے ہوئے طلباء سے بات کی۔ اس موقع پر انہوں نے طلباء و طالبات کو نصیحت کرتے ہوئے انہیں اس طرح کی حرکت پر سخت سے سخت کارروائی کا انتباہ دیا۔ انہوں نے اس موقع پر انہیں اپنی تعلیم پر توجہ مرکوز کرنے اور پرتشدد کارروائی نہ کرتے ہوئے اعلیٰ عہدیداروں سے ربط پیدا کرتے ہوئے مسائل کے حل کی ترغیب دی۔ بالخصوص طلباء سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے سخت انتباہ دیا کہ وہ لڑکیوں سے چھیڑ چھاڑ ، ان کے ساتھ بدزبانی اور کوئی ایسی حرکت نہ کریں جس کی وجہ سے طالبات کو اپنی تعلیم ترک کرنا پڑے ۔ ایسے افراد کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ نمائندہ سیاست کی جانب سے طلباء و طالبات سے گفتگو پر طلباء نے بتایا کہ صبح اسکول اور کالج کے اوقات میں بسوں کی کمی کی وجہ سے سینکڑوں طلباء و طالبات کو کئی مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ جبکہ جلد بازی کے چکر میں کئی بار حادثات کا سامنا بھی کرنا پڑرہا ہے۔ اس ضمن میں کئی بار ڈپو منیجر سے نمائندگی کی جاچکی ہے ۔ اس کے باوجود کوئی خاطر خواہ کارروائی نہیں کی گئی۔ سب انسپکٹر نارائن پیٹ نے اس موقع پر طلباء و طالبات کو تیقن دیا کہ اس ضمن میں ڈپو منیجر سے بات کرتے ہوئے اسکول و کالج کے اوقات میں بسوں کی تعداد میں اضافہ کرنے کیلئے نمائندگی کریں گے۔