زخمیوں کے علاج میں لاپرواہی کا حکومت پر الزام ، پرانی بس چلانے کے سبب حادثہ
جگتیال۔ 13 ستمبر (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) جگتیال ضلع کنڈا گٹو میں دو یوم قبل پیش آئے سڑک حادثہ میں ہلاک ہونے والے افراد ِ خاندان سے اظہار تعزیت کرنے تلنگانہ کانگریس کے صدر اتم کمار ریڈی نے آج جگتیال ضلع کنڈا گٹو کا دورہ کرتے ہوئے مقام حادثہ کا معائنہ کیا اور شینوارم پیٹھ موضع پہنچ کر مہلوکین کے ورثاء سے ملاقات کی اور غم کا اظہار کیا اور پسماندگان کو پرسہ دیا۔ اس موقع پر انہوں نے ڈبا تمیاپلی میں پریس کانفرنس کو مخاطب کرتے ہوئے کانگریس پارٹی کی جانب سے ہلاک ہونے والے ہر فرد کیلئے 25,000 روپئے کا اعلان کیا ۔ کانگریس پارٹی کے آئندہ انتخابات میں برسراقتدار آنے پر مہلوکین کے ہر خاندان میں سے ایک کو ملازمت فراہم کرنے کا وعدہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ حادثہ RTC کی پرانے بسوں کو چلانے سے پیش آیا۔ یہ متحدہ آندھرا پردیش کا سب سے بڑا حادثہ ہے جس میں 61 افراد فوت ہوگئے ہیں۔ انہوں نے حکومت پر الزام لگایا کہ حادثہ میں زخمیوں کا علاج صحیح انداز میں نہیں کیا جارہا ہے۔ انہوں نے استفسار کیا کہ اتنے بڑے شعبہ میں RTC میں ایم ڈی کا انتخاب کیوں نہیں کیا جارہا ہے۔ اپنے رشتہ دار کو انچارج بنانے کا کے سی آر پر الزام لگایا۔ رکن اسمبلی ٹی جیون ریڈی نے کہا کہ پارٹی کی رکنیت رکھنے والوں کو 2 لاکھ روپئے دینے کا اعلان کرنا انتہائی افسوسناک بات ہے۔ انہوں نے حادثہ میں ہلاک ہونے والے افراد خاندان کو آر ٹی سی سے 15 لاکھ روپئے دلوانے کا مطالبہ کیا۔ مہلوکین میں کسان ہونے پر رعیتو بندھو بیمہ اسکیم سے 5 لاکھ روپئے کی امداد پر بھی سخت تنقید کی۔ اس موقع پر مدھو گوڑ یاشکی، پونم پربھاکر، آرے پلی موہن اور چیرپرسن بلدیہ وجیہ لکشمی اور دیگر موجود تھے۔