مسافرین درخت کے سائے تلے بیٹھنے پر مجبور
کوڑنگل۔/22 فروری، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) موجودہ طور پر بس اسٹانڈ کوڑنگل میں مسافرین کو خاطر خواہ سہولتیں نہ ہونے سے روزانہ مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ کوڑنگل بس اسٹانڈ مصروف ترین بین ریاستی شاہراہوں سے متصل واقع ہے۔ یہاں سے روزانہ تلنگانہ کے علاوہ پڑوسی ریاستوں آندھرا پردیش ، کرناٹک ، مہاراشٹراو غیرہ کے لئے آر ٹی سی بسوں کا گذر ہوتا ہے۔ سینکڑوں مسافرین دور دراز مقامات کے لئے سفر کرتے ہیں۔ محکمہ آر ٹی سی مختلف اقدامات کے ذریعہ مسافرین کے لئے ہر قسم کی سہولت بہم پہنچارہا ہے مگر موجودہ طور پر دیکھنے میں آرہا ہے کہ بس اسٹانڈ کوڑنگل میں مسافرین کو پینے کے پانی کیلئے سخت مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ بسوں کے انتظار میں گھنٹوں منتظر کھڑے رہنے والے مسافرین کے لئے بیٹھنے کے لئے خاطر خواہ کرسیوں کا انتظام نہ ہونے سے مسافرین درخت کے سائے تلے بیٹھنے پر مجبور ہوگئے ہیں۔ نیز بیت الخلاؤں ، پیشاب خانوں، بینچوں اور کرسیوں وغیرہ کا خاطر خواہ انتظام نہ ہونے سے مسافرین کو سخت مشکلات سے دوچار ہونا پڑتا ہے ۔ بس اسٹانڈ کے احاطہ میں واقع درخت کے سائے تلے بیٹھنے کی نوبت آن پڑی ہے۔ آر ٹی سی حکام سے ضروری سہولیات بہم پہنچانے کی خواہش کی جارہی ہے۔