بسواکلیان میں بارش سے متاثرہ علاقوں کا دورہ

بیدر۔10ستمبر ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) بسواکلیان کے کوہ نور سگراپور کے درمیان بریج کم بیاریج کی درستگی کے وقت پھر ایک مرتبہ بارش سے کوئی نقصان نہ ہو اس بات کو پیش نظر رکھتے ہوئے مستقل درستگی کے کام انجام دیئے جائیں ۔ یہ بات عہدیداروں کو ضلع انچارج وزیر شریمتی اوما شری نے بتائی ۔ کل بسواکلیان تعلقہ کے مڑبی ‘ ہارگوڑ‘ سرگاپور ‘ بیٹ گیرہ واڑی کے بشمول بارش سے متاثرہ مختلف علاقوں میں دورہ کر کے معائنہ کرنے کے بعد بسواکلیان ڈیولپمنٹ اتھاریٹی آفس میں منعقدہ میٹنگ کی صدارت کرتے ہوئے ضلع انچارج وزیر نے بتایا کہ ضلع میں گذشتہ چند دنوں قبل ہوئی بارش سے بڑے پیمانے پر نقصانات ہوئے ہیں ۔ فصلوں کے نقصان کا معاوضۃ بھی ادا کیا جائے گا ۔ میٹنگ میں ڈپٹی کمشنر بیدر ڈاکٹر پی سی جعفر ‘ چیف ایگزیکٹیو آفیسر ضلع پنچایت مسٹر اوجول کمار گھوش ‘ اسسٹنٹ کمشنر بسواکلیان جشی بارانی کورلا پاٹی ‘ راجو ڈانگے اے ڈی آئی پی ڈبلیو ڈی زرعی عہدیدار جے ٹی پتر اور جوائنٹ ڈائرکٹر محکمہ زراعت کے علاوہ ضلع سطح کے عہدیدار موجود تھے ۔ میٹنگ میں ڈپٹی کمشنر پی سی جعفر نے بتایا کہ بسواکلیان تعلقہ میں ایک سال میں ہونے والی 30فیصد بارش 28اور 29تاریخ کے رات میں ہوئی ہے جس کے نتیجہ میں سرکاری اور خانگی جائیداد کے علاوہ کسانوں کے فصلوں اور زمین کو نقصان ہوا ہے ۔ اب تک 29مواضعات میں بارش سے فصلوں کو جو نقصان ہوا ہے اس کا معائنہ کیا گیا ہے ۔ مزید 6مواضعات میں فصلوں کے نقصان کا اندازہ قائم کیا جارہا ہے ۔ ضلع میں بارش سے جملہ 31کروڑ روپئے کا نقصان ہوا ہے ۔ ان میں راستوں کی درستگی کیلئے 16.17 کروڑ روپئے ‘ پلوں اور ڈرینج درست کرنے 1.44کروڑ روپئے ‘ ضلع پنچایت ٹینک درست کرنے کیلئے 38 لاکھ روپئے محکمہ چھوٹی آبپاشی کے مختلف تالابوں کو درست کرنے کیلئے 5.87 کروڑ روپئے کی ضرورت ہے ۔ بارش سے جسکام کا 1.32کروڑ روپئے کا نقصان ہوا ہے ۔ ضلع میں 805 ہیکڑ زمین میں فصلوں کو نقصان ہوا ہے ‘ جملہ 5کروڑ روپئے کی فصلوں کو نقصان ہوا ہے ۔ ضلع انچارج وزیر کو میٹنگ میں بتایا گیا کہ کسان بابو راؤ سجن کے سرگاپور کے کھیت میں 6ایکڑ 6گنٹے زمین پر مکمل طور پر پتھر اور مٹی بھر گئی ہے جس کے سبب زرعات کرنا ممکن نہیں ہے ۔ ریاستی وزیر نے بتایا کہ بارش سے بہت زیادہ نقصانات ہوئے ہیں جلد سے جلد امداد فراہم کرنے اقدامات کئے جائیں گے ۔ ضلع انچارج وزیر شریمتی اوما شری نے چیف منسٹر کرناٹک مسٹر سدرامیا کی ہدایت پر کل بسواکلیان تعلقہ میں دورہ کیا اور بارش سے متاثرہ علاقوں کا معائنہ کیا ۔ ان کے ہمراہ ضلع سطح کے تقریباً عہدیدار موجود تھے ۔ ضلع انچارج وزیر شریمتی اوما شری رات کو بسواکلیان سے گلبرگہ کیلئے بذریعہ کار واپس ہوئے۔