حلیم بابر
بزم علم و ادب مذہبی ، تعلیمی و ادبی درخشاں ستارہ کی حیثیت سے اپنی روشنی بکھیر رہی ہے ۔ ساتھ ہی ساتھ ریاست آندھرا پردیش کے شعرائے کرام و ادباء کی دیرینہ خدمات کے اعتراف میں انہیں ، بزم علم و ادب کی جانب سے ایوارڈس پیش کئے جاتے ہیں ۔ اس طرح حیدرآباد و اضلاع کے نامور و ممتاز شعرائے کرام حلیم بابر ، ڈاکٹر سلیم عابدی (محبوب نگر) ، گوہر کریم نگری ، جمیل نظام آبادی ، اقبال شیدائی ، نادر اسلوبی (ورنگل)، نور آفاقی ، ظہیر ناصری (محبوب نگر) ، پروفیسر فہیم صدیقی (اورنگ آباد) ، محب کوثر (بیدر) ، تنویر واجدی (کریم نگر) ، سید مسکین احمد (سدی پیٹ) ،تاج مضطر (ورنگل) ، راشد آذر ، صلاح الدین نیر ، ناصر کرنولی ، اثر غوری (حیدرآباد) کے علاوہ ممتاز ادیب سید نصیر الدین احمد ، ممتاز شاعر و مجاہد اردو ڈاکٹر راہی ، ماہر اقبالیات ممتاز شاعر مضطر مجاز ، ماہر تعلیم شاعر و ادیب ڈاکٹر عقیل ہاشمی اور جدید لب و لہجہ کے ممتاز شاعر رؤف خلش کو عظیم الشان پیمانے پر منعقد جلسے میں بدست ڈاکٹر حسن الدین احمد ، آئی اے ایس ، ممتاز قانون داں جناب عثمان شہید ایڈوکیٹ ، مولانا رحیم الدین انصاری سابق صدر نشین اردو اکیڈیمی آندھرا پردیش اور پروفیسر ایس اے شکور ڈائرکٹر سکریٹری اردو اکیڈیمی آندھرا پردیش نے ایوارڈس ، توصیف نامہ ، شال و گلپوشی کرتے ہوئے پیش کئے ہیں ۔
ان ایوارڈ یافتگان کی شخصیت ،فن اور خدمات پر حیدرآباد کے نامور و ممتاز ادباء و شعراء کرام ظہیر ناصری ، پروفیسر مجید بیدار ، ڈاکٹر فاروق شکیل ، ڈاکٹر محسن جلگانوی اور سردار سلیم نے مبسوط مضامین تحریر کئے اور پیشکشی ایوارڈز سے قبل کثیر تعداد میں موجود محبان اردو کو سنا کر داد و تحسین حاصل کی اس طرح نہ صرف ایوارڈ یافتگان کی شعری و ادبی خدمات کو خراج تحسین کا اظہار ہوا بلکہ ان مضمون نگاروں کی علمی قابلیت و صلاحیتوں کو بھی سامعین نے خوب سراہا ۔
اسی طرح گزشتہ سال بزم علم و ادب کے ساتویں ریاستی ایوارڈز و توصیف نامے پروفیسر محمد علی اثر ، شاعر و صحافی ڈاکٹر محسن جلگانوی ، ماہر اقبالیات پروفیسر مسعود علی فاروقی ایڈوکیٹ (محبوب نگر) ، ماہر تعلیم و پرنسپال ڈگری کالج نظام آباد ڈاکٹر ناظم علی ، جناب محمد رحیم اللہ خاں نیازی سابق چیرمین اردو اکیڈیمی آندھرا پردیش ، جناب ایم اے حکیم ایڈوکیٹ سابق نائب صدر نشین اردو اکیڈیمی آندھرا پردیش کے علاوہ ممتاز شاعر جناب حفیظ انجم (کریم نگر) کو نہایت اہتمام کے ساتھ اکابرین شعر و ادب پروفیسرز ، وکلاء اور قائدین کے ہاتھوں کثیر تعداد میں موجود محبان اردو کی موجودگی میں پیش کئے جاچکے ہیں ۔ جس کے یادگار لمحات آج بھی دلوں کو منور کرتے ہیں ۔
اب اس طرح کا ایک اور بزم علم و ادب کا آٹھواں ایوارڈ فنکشن 19 ڈسمبر 2014 بروز جمعہ 7 بجے شام اردو گھر مغلپورہ میں منعقد کیا گیا ۔ جس میں ریاست کے ممتاز ادیب ، شاعر ، صحافی حضرات پروفیسر مجید بیدار ، پروفیسر شیخ سیادت علی (محبوب نگر) ، صوفی سلطان شطاری (عادل آباد) ، ڈاکٹر م ق سلیم ، ڈاکٹر فاضل حسین پرویز ، ڈاکٹر ضامن علی حسرت (نظام آباد) ، عظیم الرحمن ، انیس الرحمن ، وحید گلشن (ورنگل) اور یوسف روش کو ان کی دیرینہ ، مخلصانہ اردو خدمات پر ایوارڈس و توصیف نامے پیش کئے گئے ۔
یہ پروقار ایوارڈس ، ایوارڈ یافتگان کی بیش بہار دیرینہ خدمات و صلاحیتوں کے اعتراف میں دئے جاتے ہیں ۔ جس میں کثیر تعداد میں حیدرآباد اور اضلاع کے دانشور ، ادباء ،لا شعراء و محبان اردو شرکت کرتے ہیں ۔ اللہ تعالی سے دعا ہے کہ بزم علم و ادب کو نظر بد سے بچائے اور اردو زبان و شاعری کے لئے یہ اپنی ساری توانائیاں صرف کرتی رہے تاکہ اردو زبان اپنے قدر دانوں اور چاہنے والوں پر ناز کرتی رہے ۔ آخر میں راقم الحروف کا یہ شعر صدر بزم علم و ادب جناب نادر المسدوسی کی نذر ہے ۔
روشنی علم و ادب کی خوب ہے
کیوں نہ ہو اس کے جو محور آپ ہیں