بزرگان دین کی تعلیمات مشکل راہ

محبوب نگر ۔19مئی (اسٹیٹ سماچار)اسلام اپنی بنیادی ضرورتوں کے ساتھ ساتھ حقوق اللہ اور حقوق العباد کے لئے مسلمانوں پر زور دیتا ہے کہ وہ اللہ جل مجدہ سے محبت کرنے سے پہلے آقائے دو جہان ﷺ سے فرمانبرداری و اتباع لازمی طور پر اپنا لیں ان خیالا ت کا اظہار فضیلۃ الشیخ حضرت سید احمد حسون غریب رفاعی جانشین و سجادہ نشین حضرت سید احمد کبیر رفاعی معشوق اللہ رحمہ اللہ (بصرہ عراق)نے کل رات درگاہ حضرت سید مردان علی شاہ قادریؒ محبوب نگر میں تہنیتی جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا جس کا اہتمام سنی علماء مشائخ بورڈ محبوب نگر نے کیاجس کی سر پرستی سجادہ نشین حضرت ممدوح ؒ مولانا الحاج سید عبد الرزاق شاہ قادری سر پرست بورڈ ،نگرانی صدر بورڈ مولانا قاضی سید شاہ غوث محی الدین قادری صدر قاضی ضلع محبوب نگر نے کی،حضرت حسون غریب رفاعی نے اپنا سلسلہ خطاب جاری رکھتے ہوئے مزید کہا کہ مجھے ہندوستان بالخصوص محبوب نگر کو سنی علماء مشائخ بورڈکی دعوت پر آنے کا شرف ملا ،یہاں کی عوام الناس جس طرح ھمارے بزرگوں سے عقیدت و محبت کا اظہار کررہی ہے اس کاالفاظ میں احاطہ کرنا ممکن نہیں ہے،حضرت حسون غریب رفاعی نے مسلمانوں کو مشورہ دیا کہ نماز پنجگانہ باجماعت ادا کریں اور حضور پیران اور حضرت سید احمد کبیر رفاعی کی تعلیمات پر عمل پیرائی کریں تاکہ دنیا و آخرت میں سرخروئی کا باعث بنے ۔ انہوں نے قبل ازیں مدرسہ دارالعلوم عربیہ کاورم پیٹہ جڑچرلہ کا تفصیلی معا ئنہ فرمایا اور قطب محبوب نگر درگاہ حضرت سید مردان علی شاہ قادریؒ پر حاضری دی ، معتمد عمومی بورڈ مولانا محمد محسن پاشاہ قادری نقشبندی کامل الحدیث جامعہ نظامیہ نے بزبان عر بی بورڈ کی تفصیلات و کارنامے پیش کئے ،اس موقع پرالحاج محمد عبدا لقدوس عرف جھانگیر پاشاہ ،الحاج محمد حضرمی ،مولانا محمد غیاث الدین شرفی حکم ،مولانا حافظ محمد عثمان قادری قدیری ، نائب معتمد بورڈ مولانا حافظ خواجہ فیض الدین نقشبندی بانی ناظم دارالعلوم عربیہ محبوب نگر للبنات ،الحاج سید سیف الدین قادری،مولانا سید امین الدین قادری ، سید شفیع الدین قادری ،سید افروز شاہ قادری ،سید ظفر شاہ قادری ،خواجہ معز الدین نقشبندی ،محمد مکین انصاری کے علاوہ عامۃ المسلمین کی کثیر تعداد موجود تھی ۔