بریتھ ویٹ کی سنچری ، ویسٹ انڈیز 264/3

کنگسٹن ۔ 6 ستمبر ۔ (سیاست ڈاٹ کام ) اوپنر گریگ بریتھ ویٹ کی دوسری سنچری کی بدولت ویسٹ انڈیز نے یہاں بنگلہ دیش کے خلاف شروع ہوئے پہلے ٹسٹ کے پہلے دن بہتر شروعات کرتے ہوئے تین وکٹوں کے نقصان پر 264 رنز اسکور کرلئے ہیں۔ مشفق الرحیم کے زیرقیادت مہمان ٹیم جوکہ اس ٹسٹ مقابلے میں زیادہ تر انحصار ٹسٹ کیرئیر کا آغاز کرنے والے اسپنرس تاجول اسلام اور شواگارڈا ہوم پر کیا تھا لیکن ویسٹ انڈیز کے بیٹسمینوں نے حریف کپتان کے اس فیصلے کو غلط ثابت کردکھایا جہاں انھوں نے ٹاس جیت کر ویسٹ انڈیز کو بیٹنگ کیلئے مدعو کیا۔ بریتھ ویٹ نے 269 گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے ناقابل تسخیر 123رنز اسکور کرلئے ہیں جس میں 8چوکے بھی شامل ہیں۔ 21 سالہ اوپنر نے ساتھی کھلاڑی کرس گیل (64) کے ہمراہ پہلی وکٹ کیلئے 116 رنز جوڑے ۔ ڈیرین براوؤ نے بھی بریتھ ویٹ کا ساتھ دیتے ہوئے نہ صرف 62 بنالئے ہیں بلکہ تیسری وکٹ کیلئے 128 رنز کی پارٹنرشپ بھی نبھائی ۔