برہم ممتابنرجی کا یوٹرن، مودی کی تقریب میں شرکت سے انکار

مغربی بنگال میں سیاسی تشدد میں ہلاک 50 بی جے پی کارکنوں کے لواحقین کو دہلی لیجانے پر احتجاج

کولکتہ ۔ 29 مئی (سیاست ڈاٹ کام) مغربی بنگال کی چیف منسٹر ممتابنرجی نے ان کی ترنمول کانگریس کے مبینہ تشدد میں بی جے پی کے متعدد کارکنوں کے ہلاک ہونے سے متعلق اس زعفرانی جماعت کے دعوے پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہیکہ وزیراعظم نریندر مودی کی جمعرات کو منعقد شدنی تقریب حلف برداری میں شرکت نہیں کریں گی۔ بی جے پی کے زائد از 50 کارکنوں کے خاندانوں کو حلف برداری تقریب میں شرکت کیلئے ٹرین کے ذریعہ نئی دہلی روانہ کرنے کے اعلان کے بعد ممتابنرجی نے ٹوئیٹر پر یہ اعلان کیا ۔ ان خاندانوں کا دعویٰ ہیکہ مبینہ طور پر ممتابنرجی کی پارٹی کی طرف سے بھڑکائے گئے تشدد میں بی جے پی کے 50 کارکن ہلاک ہوگئے تھے۔ ممتابنرجی کو وزیراعظم مودی کی حلف برداری تقریب میں شرکت کیلئے دعوت نامہ موصول ہوا تھا اور انہوں نے اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا تھا کہ وہ اس تقریب میں شرکت کریں گی کیونکہ یہ ’’دستوری خیرسگالی‘‘ کا معاملہ ہے۔ اس کے بعد انہوں نے دیگر دو ریاستوں کے چیف منسٹرس سے بھی بات چیت کی تھی لیکن بعد میں جب یہ پتہ چلا کہ مغربی بنگال میں گذشتہ ایک سال کے دوران سیاسی تشدد میں ہلاک ہونے والے زائد از 50 بی جے پی کارکنوں کے ارکان خاندان کو بھی اس تقریب میں شرکت کی دعوت دی گئی ہے تو برہم ممتابنرجی نے کہا کہ وہ اس تقریب میں شرکت نہیں کریں گی کیونکہ محض سیاسی انتقام لینے کیلئے جمہوریت کے کسی موقع کی قدر نہیں گھٹائی جانی چاہئے۔