برہم صالح عراق کے نئے صدر منتخب 

بغداد : عراق کی پارلیمنٹ نے سیاست داں برہم احمد صالح کوملک کا نیا صدر منتخب کرلیا ہے جنہوں نے اپنے انتخاب کے فوراًبعد شیعہ اتحاد کے نامزد امید وار عادل عبدالمہدی کو حکومت بنانے کی دعوت دے دی ہے ۔ملک کے دونوں بڑے عہدوں پر تقرریوں کے بعد عراق میں گذشتہ کئی ماہ سے جاری سیاسی بحران ختم ہونے کا امکان ہے ۔عراق کے نئے صدر کے انتخاب کیلئے منگل کے روز رائے شمار ی کی گئی تھی ۔ رائے دہی خفیہ طریقہ سے عمل میں لائی گئی تھی ۔

رائے شماری کے وقت ایوان میں 329میں سے 302اراکین موجود تھے ۔برہم صالح کو 219 ووٹ سے بھاری کامیابی حاصل کی اور ان کے مخالف امیدوار فواد حسین کو صرف 22ووٹ حاصل ہوئے ہیں ۔ صدارتی دوڑ سے باہر ہونے والوں میں عبد اللطیف جمال رشید ، عمر البرزنجی ، سلیم حمزہ ، عبدالکریم نے آزاد امید واروں کی حیثیت سے مقابلہ میں حصہ لیا ۔ عراق کے دستور کے مطابق صدر منتخب ہونے کیلئے امید وار کو پارلیمنٹ سے دوتہائی ووٹ حاصل کرنا ہوتے ہیں جو کہ موجودہ تناسب میں 220ووٹ ہوتے ہیں ۔اگر اس سے کم ووٹ ہوتے ہیں تو ووٹنگ دوبارہ کروائی جاتی ہے ۔ پہلے مرحلہ میں برہم صالح نے 165 او رفواد حسین نے 89 حاصل کئے ۔ دوسرے مرحلہ میں کردستان ڈیمو کریٹک پارٹی فواد حسین کی حمایت سے دست برداری کا اعلان کیا ۔

اس طرح برہم صالح ملک کے نئے صدر منتخب ہوگئے ۔