برہم شوہر کے ہاتھوں بیوی اور عاشق کا قتل

حیدرآباد ۔ 13 ۔ ستمبر : ( سیاست نیوز ) : سکندرآباد کے علاقہ میں ایک شخص نے اپنی بیوی اور اس کے عاشق کا قتل کردیا ۔ بتایا جاتا ہے کہ 42 سالہ راکیش نے آج صبح کے اولین اوقات میں یہ واردات انجام دی اور خود کو پولیس کے حوالے کردیا ۔ بوئن پلی پولیس کے مطابق راکیش اپنی بیوی 35 سالہ جیہ لکشمی عرف جیہ شری کی حرکتوں سے تنگ آچکا تھا ۔ جیہ شری اور پاٹی گڈہ بیگم پیٹ علاقہ کے ساکن 38 سالہ نارائنا عرف نرین کے درمیان مبینہ طور پر ناجائز تعلقات پائے جاتے تھے ۔ اور اس بات کا علم جیہ شری کے شوہر راکیش کو ہوا تب سے ان دونوں میاں بیوی کے درمیان جھگڑے شروع ہوگئے ۔ جس کے بعد جیہ شری اپنے شوہر کے مکان واقع تاڑبن بوئن پلی سے اپنے مائیکے بورا بنڈہ چلی گئی ۔ راکیش اور جیہ شری کی شادی 15 سال قبل ہوئی تھی اور ان کے دو بچے ہیں ۔ آج صبح راکیش اپنے سسرال بورا بنڈہ علاقے گیا اور سمجھا مناکر اپنی بیوی جیہ شری کو اپنے ساتھ واپس لے آیا ۔ تاہم مکان کے قریب واقعہ ایک مندر کے روبرو اس نے اپنی بیوی پر چاقو سے حملہ کرتے ہوئے اسے ہلاک کردیا ۔ اور اس کے بعد سیدھے بیوی کے عاشق نرین کے مکان واقعہ پاٹی گڈہ پہونچا اور اس کا دروازہ کھٹکھٹایا جیسے ہی نرین نے دروازہ کھولا راکیش نے لوہے کی سلاخ سے اس پر حملہ کردیا اور چاقو سے مبینہ وار کرتے ہوئے اسے ہلاک کردیا ۔ راکیش نے ایک گھنٹے کے اندر بیوی اور اس کے عاشق کو ہلاک کردیا اور بوئن پلی پولیس اسٹیشن میں خود سپردگی اختیار کرلی ۔ پولیس مصروف تحقیقات ہے ۔۔