نئی دہلی۔ 9 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) ترنمول کانگریس کے رکن پارلیمنٹ کے بار بار احتجاج اور اسپیکر لوک سبھا کو ’’نریندر مودی کا اسپیکر نہ ہونے ‘‘ کا طعنہ دینے پر برہم سمترا مہاجن نے آج بعض ارکان کی ان کے کردار کی بناء پر سرزنش کی اور کہا کہ وہ صدرنشین ایوان کا وقار قائم رکھنے سے قاصر رہے ہیں اور یہ بہت سنگین معاملہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایسی کارروائیوں سے ایوان کے جذبات مجروح ہوتے ہیں۔ واضح طور پر برہم اسپیکر نے کہا کہ سوال یہ ہے کہ کیا ایوان کا کوئی وقار اور کوئی ضابطہ ٔ اخلاق بھی ہے یا نہیں، اورجو کچھ واقعہ پیش آیا انتہائی بدبختانہ تھا۔ سمترا مہاجن کے سخت لب و لہجہ کے تبصرے ترنمول کانگریس ارکان کی جانب سے تازہ احتجاج کے بعد منظر عام پر آئے جو ایوان کے وسط میں جمع ہوگئے تھے اور ان کے قائد کلیان بنرجی نے سمترا مہاجن سے کہا تھا کہ ’’وہ نہ تو بی جے پی کی اسپیکر ہیں اور نہ نریندر مودی کی‘‘ اس کا انہیں احساس ہونا چاہئے۔