برہان پور کے آزاد رکن اسمبلی بھوپال پہنچے

بھوپال، 12 دسمبر (سیاست ڈاٹ کام) مدھیہ پردیش کے برہان پور سے آزاد امیدوار کے طور پر جیت حاصل کرنے والے سریندر سنگھ نے آج کہا کہ وہ اپنے علاقے کے عوام سے مشورے کے بعد اپنا اگلا قدم اٹھائیں گے ۔ برھان پور سے بھوپال پہنچے مسٹر سنگھ نے گھما پھرا کر میڈیا کے سوالوں کے جواب دئے ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت بنانے کے سلسلے میں بہت سے لوگوں نے ان سے رابطہ کیا ہے ، لیکن وہ برہان پور کے عوام سے صلاح مشورے کے بعد ہی حتمی فیصلہ لیں گے ۔ انہوں نے رابطہ کرنے والے رہنماؤں کے ناموں کی بھی وضاحت نہیں کی۔ مسٹر سنگھ یہاں ایک ہوٹل میں قیام پذیر ہیں۔ اس تعلق سے انہوں نے کہا کہ وہ کنبے کے ساتھ یہاں آئے ہوئے ہیں۔ انتخابات کے نتائج کے بعد کانگریس کو اکثریت کے لئے دو ممبران اسمبلی کی ضرورت ہے جبکہ بی جے پی کو سات اراکین اسمبلی کی حمایت درکار ہے ۔ کل 230 سیٹوں میں سے کانگریس کو 114 نشستیں، بی جے پی کو 109، بی ایس پی کو دو، ایس پی کو ایک اور آزاد امیدواروں کو چار سیٹوں پر کامیابی حاصل ہوئی ہے ۔ ان حالات میں حکومت بنانے کے لئے آزاد یا چھوٹی جماعتوں کی مدد کی ضرورت ہے ۔