برکس میں تیز رفتار توسیع ، ہندوستان کا اعتراف

دوبئی ؍ فورٹ ایلیزا۔ 14 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) ہندوستان گزشتہ سال سب سے زیادہ پیداوار کے ساتھ اُن چار ممالک میں شامل ہے، جو تیز ترین رفتار سے ابھرتی ہوئی منڈیاں ہیں۔ ایک رپورٹ کے بموجب گزشتہ 15 ماہ سے چین میں پیداوار تیز رفتار ترین ہے جبکہ ہندوستان میں فروری 2013ء میں تیز رفتار توسیع دیکھی جارہی ہے۔ روس کے خانگی شعبہ کی پیداوار مستحکم تھی لیکن گزشتہ پانچ سال سے ماہِ مئی میں شرحیں زیادہ دیکھی جارہی ہیں۔ برازیل میں مزید مستحکم رجحان اس سرگرمی میں دیکھا گیا ہے۔ جنوبی آفریقہ کے خانگی شعبہ کی کمپنیوں میں پیداوار اور نئے آرڈرس دونوں نے انحطاط کی اطلاع دی ہے۔ فورٹ ایلیزا سے موصولہ اطلاع کے بموجب صدر روس ولادیمیر پوٹن کا خیال ہے کہ برکس کے کردار کو نئی سطح تک لے جانا وقت کا تقاضہ ہے۔ اسے عالمی انتظامی نظام کا اٹوٹ حصہ ہونا چاہئے حالانکہ بعض ممالک ناگوار نظاموں کو غیرمستحکم کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ برکس کے رکن ممالک برازیل ، روس ، ہندوستان ، چین اور جنوبی آفریقہ نے حقیقت میں قیاس آرائیوں اور بین الاقوامی تعلقات میں استحکام کے اضافہ میں اپنا حصہ ادا کیا ہے۔ کسی بھی ملک کا راست طور پر نام لئے بغیر پوٹن نے کہا کہ بین الاقوامی تعلقات کا ایک نمونہ تشکیل دینے کی کسی بھی کوشش کے تمام فیصلے ایک واحد ملک کی جانب سے اگرکئے جائیں تو غیرموثر ، باقاعدہ طور پر ناقص ثابت ہوں گے اور آخرکار ناکام رہیں گے۔