ممبئی ۔ 8 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) ویسٹ زون کی چمپیئن ٹیم بروڈا اور ساوتھ زون کی رن اپ ٹیم کیرالا نے سید مشتاق علی آل انڈیا ٹوئنٹی 20 ٹورنمنٹ کا کامیاب آغاز کرتے ہوئے اپنی حریف ٹیموں بنگال اور دہلی کو شکست دی ہے۔ بروڈا جس نے زونل زمرہ کے چار مقابلوں میں صدفیصد فتوحات حاصل کی ہیں۔ اس نے یہاں ایس پی کرکٹ اکیڈیمی گراونڈ پر بنگال کو باآسانی 7 وکٹوں سے شکست دی۔ بروڈا نے پہلے اپنی حریف ٹیم کو 96 رنز پر ڈھیر کردیا اور پھر مطلوبہ نشانہ 14 اوورس میں باآسانی حاصل کرلیا۔
وانکھڈے اسٹیڈیم میں منعقدہ مقابلہ میں کیرالا نے اپنی حریف دہلی کو 14 رنز سے شکست دی جیسا کہ گروپ بی کے اس مقابلہ میں کیرالا نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 6 وکٹوں کے نقصان پر 150 رنز کا مسابقتی اسکور کھڑا کیا جس میں اوپنر جگدیش کے 36 گیندوں میں بنائے جانے والے 52 رنز نے کلیدی رول ادا کیا جبکہ دہلی کو 9 وکٹوں کے نقصان پر 136 رنز تک محدود رکھا۔ بروڈا ۔ بنگال مقابلہ میں آغاز پر ہی بنگال کو مسائل کا سامنا رہا جیسا کہ ایک موقع پر وہ 50/5 کے اسکور پر جدوجہد کررہی تھی اور کبھی مقابلہ میں اس نے بہتر مظاہرہ ہی نہیں کیا۔