برنداون کالونی ٹولی چوکی میں سرقہ کی واردات

حیدرآباد /5 ستمبر ( سیاست نیوز ) ٹولی چوکی کے علاقہ برنداون کالونی میں سرقہ کی سنگین واردات پیش آئی ۔اتوار کے سبب تفریح کیلئے جانے اور اپنے گھر کی ملازم پر بھروسہ کرنا ایک خاندان کیلئے کافی مہنگا ثابت ہوا ۔ اس مکان سے تقریباً 40 تولہ طلائی زیورات اور ایک لاکھ روپئے نقد رقم کا سرقہ کرلیا گیا ۔ یہ بات ایڈیشنل انسپکٹر گولکنڈہ پولیس محمد خلیل پاشاہ نے بتائی انہوں نے بتایا کہ برنداون کالونی کے ساکن محمد علی جو پیشہ سے کنسٹرکشن بزنس سے جڑے ہوئے ہیں ۔ اپنے افراد خاندان کے ہمراہ کل سیر و تفریح کیلئے گئے تھے اور دو خاتون ملازموں کو ہدایت دی کہ وہ کام کے بعد چابی پڑوسی کے بازو حوالے کردیں تاہم جب وہ واپس ہوئے تو انہیں اس بات کا علم ہوا کہ ان کے مکان سے قیمتی زیورات اور نقد رقم کا سرقہ ہوگیا ہے ۔ تعجب کہ مکان کے کسی بھی قفل کو نقصان نہیں پہونچا ۔ جبکہ الماری اور لاکر سے رقم و زیوارات غائب ہیں ۔ پولیس نے مقدمہ درج کرلیا ہے اور مصروف تحقیقات ہے ۔