برق رفتار کار حادثہ میں کمسن اسکول طالب علم کی موت

حیدرآباد 20 جون (سیاست نیوز) سعیدآباد کے علاقہ میں دلسوز واقعہ پیش آیا۔ ایک کار کے ڈرائیور کی بے لگام رفتار نے کمسن کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔ بتایا جاتا ہے کہ آج اس کمسن شیخ رحمان علی کے اسکول کا پہلا دن تھا۔ اسکول کے روبرو پیش آئے اس حادثہ سے اسکول انتظامیہ اور طلبہ پر سکتہ طاری ہوگیا۔ مقام حادثہ کے دلخراش مناظر اور اس کمسن کی حالت کو دیکھ کر راہ گیروں کی آنکھیں بھی نم ہوگئیں اور والدین صدمہ سے دوچار ہوگئے۔ سعیدآباد پولیس کے مطابق ساڑھے تین سالہ رحمان علی جو حافظ بابا نگر علاقہ کے ساکن محمد محبوب علی کا بیٹا تھا۔ آج صبح بذریعہ آٹو اسکول پہونچا اور آٹو سے اُترنے کے بعد اسکول کے اندر داخل ہونے والا ہی تھا کہ تیز رفتار کار اس راستہ سے گزری اور کمسن کو زد میں لے لیا۔ شدید زخمی حالت میں رحمان علی کو ملک پیٹ کے کارپوریٹ ہاسپٹل منتقل کیا گیا جہاں علاج کے دوران وہ جانبر نہ ہوسکا۔ انسپکٹر سعیدآباد ستیہ نے بتایا کہ اس حادثہ کے بعد مقدمہ درج کرلیا گیا اور مصروف تحقیقات ہے۔