مدہول ۔ یکم ؍ اکٹوبر (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) مدہول منڈل میں برقی کی غیرموثر سربراہی سے تنگ آکر مدہول منڈل کے کسانوں نے آج مدہول سب اسٹیشن پر زبردست احتجاج کرتے ہوئے سب اسٹیشن میں موجود آپریٹر کو ایک روم میں مقفل کردیا اور محکمہ برقی کے عہدیداروں کے خلاف سخت نعرے بازی کرتے ہوئے اے ڈی کو مدہول آنے کا مطالبہ کرتے ہوئے قومی شاہراہ 222 پر احتجاج کرتے ہوئے ٹریفک نظام کو درہم برہم کردیا جس سے مسافرین کو کافی مشکلات کا سامنا کرنا پڑا ۔ کسانوں کے احتجاج کی اطلاع ملتے ہی لکشمی نرسا گوڑ زیڈ پی ٹی سی مدہول منڈل بھی مقام احتجاج پہونچکر احتجاج میں شامل ہوگئے ۔ انہوں نے کہا کہ زراعت میں دی جارہی برقی سربراہی ناکافی ہے جس کی وجہ سے کسان پریشان حال ہے ۔ ایک طرف امسال بارش نہ ہونے سے کسانوں میں مایوسی ہے ۔ دوسری جانب برقی کٹوتی کسانوں کی بچی ہوئی فصل کو تباہ ہورہی ہے ۔ برقی کٹوتی کی وجہ سے زراعت میں موجود بورویل بند پڑے ہوئے ہیں کسانوں نے کہا کہ بڑی مشکل سے انہیں دو تا تین گھنٹے برقی دی جارہی ہے
اور بار بار اس میں بھی کٹوتی کی جارہی ہے ۔ جس کی وجہ سے کسانوں نے برقی عہدیداروں کے خلاف نعرہ بازی کرتے ہوئے اے ڈی ہیمنت کمار کو احتجاجی مقام پر آنے کا مطالبہ کررہے تھے لیکن اے ڈی ہیمنت کمار منڈل پریشد جنرل باڈی اجلاس میں موجود تھے اور وہاں پر ایم پی ٹی سیز سرپنچوں کی برہمی کا سامنا کرتے ہوئے ان کے سوالات کے جوابات دیتے ہوئے جنرل باڈی اجلاس سے باہر جانے نہیں دیا گیا جس کی وجہ سے احتجاجی ایک گھنٹے تک احتجاج کو جاری رکھے ہوئے تھے ۔ مسٹر راجنا ایس آئی مدہول اپنی جمعیت کے ساتھ مقام احتجاج پہنچ کر احتجاجیوں کو سمجھا کر احتجاج کو ختم کردیا جبکہ ٹریفک نظام درہم برہم ہوگیا تھا ۔