برقی کٹوتی کے خلاف کسانوں کا احتجاج

کتھلا پور۔/13اگسٹ، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) زراعت کیلئے 8گھنٹے برقی سربراہ کرنے کا وعدہ کرتے ہوئے اقتدار میں آنے والی ٹی آر ایس حکومت ہر دن 20منٹ بھی صحیح ڈھنگ سے برقی سربراہ نہیں کررہی ہے۔ حکومت سے برقی سربراہی کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے پانچ دیہاتوں کے کسانوں نے کتھلا پور منڈل، امباری پیٹ برقی اسٹیشن کے روبرو کورٹلہ، ویملاواڑہ قومی شاہراہ پر بروز منگل شدید احتجاج کیا۔ اس موقع پر کسانوں نے کہا کہ امباری پیٹ برقی اسٹیشن پر اوور لوڈ رہنے کی وجہ سے سب اسٹیشن کے حدود میں واقع کسانوں کو مناسب برقی سربراہ نہیں ہورہی ہے۔ کسانوں کو تمام دن کھیتوں کے پاس برقی کیلئے انتظار کرنا پڑ رہا ہے۔

کرنٹ کی بار بار خلل اندازی سے کاشت کو پانی نہ ملنے کے سبب کسانوں کو کافی مشکلات درپیش ہورہی ہے۔ لاکھوں روپئے کی سرمایہ کاری کرتے ہوئے کاشت کرنے والے کسان برقی قلت کے سبب کافی نقصانات برداشت کررہے ہیں۔ کسانوں نے عہدیداروں، حکومت کے طرز عمل پر کافی برہمی کا اظہار کیا۔ کسانوں کی جانب سے احتجاج کی اطلاع پاکر ٹرانسکو اے ڈی ای جناب رویندر راے ای جناب آنند وہاں پہنچ گئے اور کسانوں کو سمجھانے کی کوشش کی۔ ٹرانسکو اے ڈی ای کی باتوں کو ان سنی کرتے ہوئے کسان حکومت کے خلاف نعرے لگائے اور برقی سربراہی کے تعلق سے سرد مہری برتنے کا الزام عائد کرتے ہوئے اے ڈی ای کی سرزنش کی۔ تقریباً گھنٹے تک روڈ پر احتجاج کیا۔ اے ڈی ای نے اعلیٰ عہدیداروں کے علم میں لاکر مسائل کی یکسوئی کرنے کا کسانوں کو تیقن دیا۔ اے ڈی ای کے تیقن پر کسانوں نے اپنا احتجاج ختم کیا۔