برقی کٹوتی کے خلاف خواتین اور کسانوں کا احتجاج

ویملواڑہ میں ٹریفک دو گھنٹے تک جام، مسافرین مشکلات سے دوچار
ویملواڑہ۔/5اکٹوبر، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) برقی کٹوتی سے پینے کا پانی نہ ملنے پر ویملوارہ منڈل کے چند دیہاتوں میں پانی کی قلت ہونے کے باوجود ملازمین اور سرپنچ اور ایم پی ٹی سی ڈی نے ہماری تکالیف اور مسائل پر توجہ نہیں دی ۔ویملواڑہ منڈل نامپلی دیہات میں خواتین نے بڑے پیمانے پر احتجاج کرتے ہوئے یہ بات کہی۔ ویملواڑہ ۔ کریم نگر سڑک پر راستہ روکو دھرنا کیا گیا۔ اس موقع پرچند خواتین نے بات چیت کے دوران بتایا کہ برقی کٹوتی سے پینے کا پانی اور کسانوں کو کھیتی باڑی کیلئے پانی کے حصول میں کافی مشکلات ہورہی ہیں۔ ان لوگوں نے بتایا کہ چند مہینے قبل سب اسٹیشن کے لئے تقریباً 2ایکر زمین بھی دی گئی تھی تب بجلی کے ملازمین نے 24گھنٹے بجلی دینے کا تحریری وعدہ کیا تھا لیکن ان کے وعدوں کی خلاف ورزی پر دن بہ دن کئی گھنٹے برقی مناسب طریقہ سے سربراہ نہیں کی جارہی ہے۔ احتجاجی خواتین نے کہا کہ ان تمام مسائل پر سرپنچ ایم پی ٹی اور دیگر انتخابات میں جیت حاصل کرنے والے افراد نے بھی ان مسائل پر توجہ نہیں دی اس لئے مجبوراً ہم احتجاج کررہے ہیں۔سڑک پر احتجاج کی وجہ سے تقریباً دو گھنٹے سے زائد ٹریفک جام ہوگئی، سڑک پرکئی بسیں اور آٹوز اور دیگر کاروں کی قطاریں لگ گئی تھیں جس کی وجہ سے مسافرین کو کافی مشکلات پیش آئیں، اس موقع پر مسافرین اور احتجاجیوں کے درمیان بحث و تکرار ہوگئی۔اس بات کی طلاع ویملواڑہ پولیس کو ملتے ہی ٹاون کے سرکل انسپکٹر چلا دیواریڈی نے اپنی فورس کے ساتھ پہنچ گئے اور احتجاجیوں کو سمجھایا اور بعد ازاں انہوں نے پولیس کے اعلیٰ عہدیداروں کو اس کی اطلاع دی ۔تقریباً دو گھنٹوں بعداحتجاج ختم کیا گیا۔