برقی کٹوتی سے زراعت کو زبردست نقصان

مریال گوڑہ ۔ 13جنوری ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) شدید طوفان اور موسلادھار بارش سے خریف فصل کی تباہی سے ابھی کسان سنبھل بھی نہ پائے کہ حکومت کی انتہائی لاپرواہی سے ربیع فصل بھی تباہی کے دہانے پر پہنچ کی ہے ۔ ان خیالات کا اظہار مقامی سی پی ایم رکن اسمبلی مسٹر جے رنگاریڈی نے حلقہ کے مختلف منڈلس کے موضعات کا تفصیلی دورہ کرتے ہوئے کسانوں سے ملاقات اور کھیتوںکا جائزہ لینے کے بعد آج پارٹی آفس میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ اس موقع پر انہوں نے کانگریس حکومت کو شدید تنقید کانشانہ بناتے ہوئے کہاکہ جن کے ووٹوں کے ذریعہ انہیں اقتدار نصیب ہوا آج ان کے مسائل سے ان کو ذرا بھی دلچسپی اور فکر نہیں ہے ۔ اگر ان قائدین کو کسی کی فکر اور دلچسپی ہے تو وہ صرف اور صرف اپنے سیٹوں کو بچانے کی ۔ برقی کی شدید قلت کی وجہ سے کسان اپنے کھیتوں میںبورویل کے ذریعہ پانی کو سیراب کرنے سے قاصر ہیں جس کی وجہ سے دھان کے پودے کھیتوں میں سوکھ رہے ہیں ۔ قرض میں مبتلا پریشان حال کسان جب اپنی فریاد لیکر برقی عہدیداروں کے پاس جاتے ہیں تو وہاں بھی ان کو شدید مایوس کا سامنا کرنا پڑرہا ہے ۔ برقی کی قلت کا اندازہ اس بات سے لگایا جاسکتا ہے کہ مواضعات میں رات کے اوقات میں تین گھنٹے اور دن کے اوقات میں صرف ایک گھنٹہ سپلائی کی جاتی ہے ۔

انہوں نے کہا کہ دریائے کرشنا میں کافی مقدار میں پانی موجود رہنے کے باوجود حکومت کسانوں کو پانی سربراہ نہیں کررہی ہے۔ انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ فوری کاشت کیلئے لفٹ کنال سے پانی کی سربراہی کو یقینی بنائے بصورت دیگر سی پی ایم پارٹی کسانوں کو لیکر حکومت کے رویہ کے خلاف شدید احتجاج کرے گی ۔ انہوں نے کہا کہ وہ اس سنگین مسئلہ سے وزیراعلیٰ اور وزیر زراعت کو بھی واقف کروائیں گے اور اسمبلی میں بھی وہ اس مسئلہ کو اٹھائیں گے ۔ انہوں نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ طوفان اور بارش سے ہوئی خریف فصل کی تباہ کاریوں کا حکومت کی جانب سے جائزہ لینے کے بعد بھی ابھی تک متاثرہ کسانوں کو راحت کاری نصیب نہیں ہوئی ۔ انہوں نے کہاکہ 16جنوری کو ضلعی سطح پر اور 17جنوری کو منڈل سطح پر برقی اسٹیشن پر احتجاجی دھرنے کے علاوہ متعلقہ محکموں کے عہدیداروں کا گھیراؤ کیا جائے گا ۔ اس موقع پر سی پی ایم قائدین ڈی ملیش ‘ سعید بن احمد ‘ پدما ‘ انجیا ‘ پرشوتم ریڈی ‘ گوتم ریڈی ‘ بابو نائیک و دیگر موجود تھے ۔