حیدرآباد ۔ 26 ۔ ستمبر : ( سیاست نیوز ) : برقی کاموں کی مرمت دو افراد کی موت کا سبب بن گئی جب کہ متوفی افراد برقی کاموں سے ہی وابستہ تھے ۔ جوبلی ہلز اور اپل پولیس اسٹیشن حدود میں یہ واقعات پیش آئے ۔ جوبلی ہلز پولیس کے مطابق 25 سالہ وینکٹا بابو جو پیشہ سے کیبل آپریٹر تھا وینکٹ گیری کے علاقہ میں رہتا تھا ۔ کل شام علاقہ میں وہ ایک مرمتی کام میں مصروف تھا کہ اچانک برقی شاک کی زد میں آکر شدید زخمی ہوگیا تھا جس کو فوری ہاسپٹل سے رجوع کیا گیا جہاں دوران علاج کل رات دیر گئے وینکٹا بابو فوت ہوگیا ۔ اپل پولیس کے مطابق 20 سالہ مرلی جو برقی کے کاموں کو انجام دیتا تھا ماروتی نگر اپل کا ساکن کل رات دیر گئے برقی کے کاموں کی مرمت میں مصروف تھا جو برقی شاک کی زد میں آکر برسر موقع ہلاک ہوگیا ۔ پولیس نے مقدمات درج کرلیے ہیں اور مصروف تحقیقات ہے ۔۔
برق رفتار ٹپر حادثہ سے دو جوان ہلاک
حیدرآباد ۔ 26 ۔ ستمبر : ( سیاست نیوز ) : شہر کی خستہ حال سڑکوں پر ٹپر گاڑیوں کی رفتار شہریوں کی موت کا سبب بن رہی ہے ۔ یوں تو ٹپر لاری کو دیکھ کر ہر کوئی ایمبولنس کی طرح اپنا راستہ کاٹ لیتا ہے اس طرح کی خطرناک گاڑیوں کی بے قابو رفتار اب بے لگام بھی ہوگئی اس طرح کے دو علحدہ واقعات میں دو نوجوان ٹپر کی زد میں آکر ہلاک ہوگئے ۔ رائے درگم اور بہادر پورہ پولیس حدود میں یہ سڑک حادثات پیش آئے ۔ رائے درگم پولیس کے مطابق 27 سالہ محمد محبوب جو آدتیہ نگر نیو حفیظ پیٹ علاقہ کے ساکن محمد جہانگیر کا بیٹا تھا پیشہ سے مزدور بتایا گیا ہے ۔ 22 ستمبر کے دن محبوب اپنے ساتھی طیب کے ہمراہ موٹر سیکل پر بائیو ڈائیورسٹی پارک کے قریب سے گذر رہا تھا کہ ایک تیز رفتار بے قابو ٹپر نے اسے ٹکر دے دی ۔ جس میں طیب اور محبوب شدید زخمی ہوگئے جن کا علاج جاری تھا ۔ محبوب کل رات علاج کے دوران فوت ہوگیا ۔ دوسرا حادثہ بہادر پورہ پولیس میں پیش آیا ۔ جہاں 19 سالہ شیخ عرفان ہلاک ہوگیا ۔ عرفان خواجہ پہاڑی تاڑبن علاقہ کے ساکن شیخ احمد کا بیٹا تھا وہ کل اپنے ساتھی سلطان کے ہمراہ نکلس روڈ سے واپسی کے دوران پرانا پل کے علاقہ سے گذر رہا تھا کہ ایک تیز رفتار ٹپر کی زد میں آکر شدید زخمی حالت میں عرفان فوت ہوگیا اور اس کا ساتھی شدید زخمی بتایا گیا ہے ۔ پولیس نے مقدمات درج کرلیے ہیں اور مصروف تحقیقات ہے ۔۔