برقی ٹرانسفارمر کی مرمت کے دوران ملازم ہلاک

حیدرآباد /10 جون ( سیاست نیوز ) بیگم بازارمیں برقی ٹرانسفارمر کی مرمت کے دوران محکمہ برقی کا ایک ملازم شیام حادثہ کا شکار ہوگیا اور برسر موقع ہلاک ہوگیا ۔ تفصیلات کے بموجب ہندی نگر بیگم بازار میں برقی سربراہی میں مسلسل خلل کی شکایت کے سبب محکمہ برقی کے ملازمین کو وہاں کے ایک ٹرانسفارمر کی مرمت اور برقی تاروں کو درست کرنے کیلئے کہا گیا تھا ۔ کنٹراکٹ ملازم شیام ٹرانسفارمر پر چڑھ کر برقی تاروں کو درست کر رہا تھا کہ اچانک ٹرانسفارمر میں برقی سربراہی آجانے سے وہ جھلس کر فوت ہوگیا ۔ اس واقعہ کے بعد ہندی نگر علاقہ میں سنسنی پھیل گئی اور محکمہ برقی کے ملازم کی نعش ٹرانسفارمر پر کئی گھنٹوں تک لٹکتی دیکھی گئی ۔ ساتھی برقی ملازمین شیام کی موت کے ذمہ دار وہاں کے اسسٹنٹ انجینئیر وینکٹ راؤ پر لاپرواہی کا الزام عائد کرتے ہوئے آج رات بیگم بازار پولیس اسٹیشن کے روبرو دھرنا منظم کیا اور اسٹسنٹ انجینئیر کے خلاف مقدمہ درج کرنے کا مطالبہ کیا ۔ برقی ملازمین نے وینکٹ راؤ پر یہ الزام عائد کیا کہ ٹرانسفارمر کی مرمت میں مصروف شیام کی جان کی کوئی اہمیت نہیں ۔ متوفی برقی ملازم کے ارکان خاندان کو مناسب ایکس گریشیا فراہم کرنے کا مطالبہ کیا گیا ہے ۔بیگم بزار پولیس نے اس سلسلے میں لاپرواہی کا ایک مقدمہ درج کرتے ہوئے نعش کو دواخانہ عثمانیہ کے مردہ خانہ میں منتقل کردیا ۔