بودھن۔/26ستمبر، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) بودھن شہر میں بار بار برقی سربراہی مسدود ہونے کی وجہ سے عوام الناس کو دشواریوں کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ تہواروں کے موسم میں برقی خلل کے باعث عوام کو مشکلات کا سامنا کرنا پر رہا ہے۔ شہری و منڈل مستقر پر صبح چار گھنٹے اور دوپہر چار گھنٹے برقی سربراہی منقطع کرنے کا ناردن پاور ڈسٹریبوٹر نے اعلان کیا لیکن برقی کٹوتی کے اوقات مقرر نہ کئے جانے کی وجہ سے عوام کو مسائل کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ ذرائع کے مطابق ضلع نظام آباد کو روزانہ 450میگا واٹ برقی کی ضرورت ہے لیکن 350 میگا واٹ برقی ہی سربراہ کی جارہی ہے۔ علاوہ ازیں محکمہ برقی کو ضلع نظام آباد کے سرکاری دفاتر سے تقریباً 200کروڑ روپئے برقی بقایا جاتا وصول طلب ہیں۔ محکمہ آبپاشی کے لفٹ ایریگیشن علی ساگر، باگے پلی، جائکم پیٹ لفٹ ایریگیشن سے 37 کروڑ اور ضلع نظام آباد کے مختلف پنچایتوں سے جملہ 111 کروڑ روپیوں کے علاوہ محکمہ مال صحت و طبابت کے علاوہ محکمہ بہبود برائے بی سی، ایس ٹی ، ایس سی طبقات کے دفتروں سے برقی بلس وصول طلب ہیں۔ شہری علاقوں میں برقی کٹوتی کے اوقات مقرر کئے جانے کا عوام مطالبہ کررہے ہیں۔