نئی دہلی ۔26جنوری ( سیاست ڈاٹ کام ) کانگریس رکن پارلیمنٹ سنجے نروپم نے آج اپنی بھوک ہڑتال ختم کردی کیونکہ چیف منسٹر مہاراشٹرا پرتھوی راج چوہان نے ممبئی میں برقی شرحیں کم کرنے ان کے مطالبہ کا اندرون چند یوم جائزہ لینے کا وعدہ کیا ہے ۔ سنجے نروپم نے آج بھوک ہڑتال ختم کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ ریاستی حکومت چونکہ اس معاملہ کا جائزہ لے رہی ہے اس لئے وہ اپنا احتجاج ملتوی کررہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ ضرورت پڑنے پر وہ دوبارہ احتجاج کریں گے ۔ ریاستی حکومت نے پاؤر ڈسکام کی آڈٹ کے امکان کا بھی جائزہ لینے سے اتفاق کیا ہے ۔ چیف منسٹر پرتھوی راج چوہان نے کہا کہ وہ آئندہ دو دن میں اس معاملہ پر غوروخوض کریں گے ۔ اس کے علاوہ آڈٹ کے امکان کا بھی جائزہ لیا جائے گا ۔
عام آدمی پارٹی کے
رکن اسمبلی ونود کمار بنّی برطرف
نئی دہلی ۔26جنوری ( سیاست ڈاٹ کام ) عام آدمی پارٹی نے لکشمی نگر کے رکن اسمبلی ونود کمار بنّی کو آج پارٹی سے بالغرض برطرف کردیا ۔ عام آدمی پارٹی نے ٹوئیٹر پر بتایا کہ تادیبی کمیٹی نے یہ فیصلہ کیا ہے ۔ بنی نے حال ہی میں اروند کجریوال کی زیرقیادت پارٹی پر انتخابی وعدوں سے انحراف کا الزام عائد کیا تھا ۔ انہوں نے وزیر قانون سومناتھ بھارتی کے خلاف کارروائی کا بھی مطالبہ کیا تھا جنہوں نے حال ہی میں جنوبی دہلی میں مبینہ طور پر فحاشی اور نشہ آور اشیاء کے ریاکٹ کو بے نقاب کرنے کیلئے دھاوے کی قیادت کی تھی ۔ واضح رہے کہ بنی نے 2013ء اسمبلی انتخابات میں کانگریس کے طاقتور امیدوار اے کے والیہ کو شکست دی تھی ۔ انہوں نے کہا تھا کہ اروند کجریوال ایک ڈکٹیٹر ہیں اور عام آدمی پارٹی عوام کو دھوکہ دے رہی ہے ۔