حیدرآباد۔یکم جون، ( سیاست نیوز) برقی شاک کی زد میں آکر دو افراد فوت ہوگئے۔ یہ دو علحدہ واقعات سکندرآباد اور میر پیٹ علاقوں میں پیش آئے۔ پولیس سکندرآباد کے مطابق 32 سالہ بی رام جو پیشہ سے الیکٹریشن تھا سکندرآباد کے علاقہ مٹو گوڑہ کا ساکن تھا یہ شخص گزشتہ روز ریلوے کے الیکٹرک پول پر مرمتی کام کررہا تھا کہ برقی شاک کی زد میں آکر شدید زخمی ہوگیا جسے فوری علاج کے لئے ہاسپٹل منتقل کیا گیا جہاں علاج کے دوران یہ شخص فوت ہوگیا۔ میر پیٹ پولیس کے مطابق 20سالہ نریندر جو پیشہ سے مزدور تھا دلسکھ نگر علاقہ میں رہتا تھا۔ بڑنگ پیٹ کے علاقہ میں یہ شخص کل ایک زیر تعمیر عمارت میں کام کررہا تھا کہ برقی شاک کی زد میں آکر شدید زخمی ہوگیا تھا اور علاج کے دوران کل رات فوت ہوگیا۔ پولیس نے مقدمات درج کرلئے ہیں اور مصروف تحقیقات ہے۔