حیدرآباد /2 ڈسمبر ( سیاست نیوز ) گچی باؤلی کے علاقہ میں ایک شخص صفائی کے دوران برقی شاک کی زد میں آکر فوت ہوگیا ۔ بتایا جاتا ہے کہ 37 سالہ برہماجی جو انجایا نگر گچی باؤلی علاقہ کا ساکن تھا ایک اپارٹمنٹ میں ملازمت کرتا تھا ۔ کل وہ لوہے کی سلاخ سے جھاڑو کو جوڑکر صفائی کے کام میں مصروف تھا کہ برقی شاک کی زد میں آکر شدید جھلس گیا اور علاج کے دوران فوت ہوگیا ۔ برہماجی جس اپارٹمنٹ میں ملازمت کرتا تھا اس کے بازو ایک ہاسپٹل ہے ۔ اس ہاسپٹل کا ملازم بھی صفائی کر رہا تھا اور برہماجی نے لوہے کی سلاخ اس سے لی تھی اور حادثاتی طور پر وہ برقی شاک کی زد میں آکر فوت ہوگیا ۔ پولیس رائے درگم مصروف تحقیقات ہے ۔