برقی شاک سے کمسن لڑکے کی موت

حیدرآباد ۔ /12 فبروری (سیاست نیوز) شہر کے مضافاتی علاقے نارسنگی میں پیش آئے ایک افسوسناک واقعہ میں کھیل کے دوران 7 سالہ کمسن لڑکا بر قی تار کی زد میں آکر ہلاک ہوگیا ۔ بتایا جاتا ہے کہ پہلی جماعت کا طالب علم مونیش جس کا تعلق ٹاملناڈو سے ہے اپنے والدین کے ساتھ پی ای بی ایل سٹی گیٹیڈ کمیونٹی واقع نارسنگی میں مقیم تھا اور کل رات کھیل کے دوران اس نے ایک برقی کھمبے کو چھولیا اور اچانک برقی کی زد میں آکر فوت ہوگیا ۔ یہ منظر سی سی ٹی وی میں قید ہوا اور پولیس نے اس کیس کی تحقیقات کا آغاز کردیا ۔ بتایا جاتا ہے کہ یہ واقعہ کل رات اُس وقت پیش آیا جب مونیش دیگر بچوں کے ساتھ کھیل رہا تھا اور برقی کھمبے کو چھونے سے وہ فوت ہوگیا لیکن اس کے ساتھیوں کو اس کی موت کا پتہ نہ چل سکا ۔ تقریباً 10 تا 15 منٹ بر قی کی زد میں رہا اور فوت ہونے کے بعد گرگیا ۔ نارسنگی پولیس اسٹیشن کے سب انسپکٹر کے ایم راگھویندرا نے بتایا کہ برقی کھمبوں کے مینٹیننس کرنے والی کمپنی گولڈ اسٹار ایجنسی کے خلاف ایک مقدمہ درج کیا گیا ہے اور لڑکے کا پوسٹ مارٹم کروانے کے بعد نعش کو ماں باپ کے حوالے کردی گئی ۔ پولیس اس سلسلے میں تحقیقات کررہی ہے ۔