حیدرآباد /22 جنوری ( سیاست نیوز ) سیل فون چارج کرنے اور کیبل لائین کی مرمت کے دوران پیش آئے دو علحدہ برقی شاک لگنے کے واقعات میں دو افراد فوت ہوگئے ۔ یہ واقعات ابراہیم پٹنم اور گاندھی نگر پولیس حدود میں پیش آئے ۔ ابراہیم پٹنم پولیس کے مطابق 45 سالہ کے بوئی جوادی پٹیلہ علاقہ کا ساکن تھا پیشہ سے اینٹ کی بھٹی میں کام کرتا تھا ۔ جس کا آبائی مقام جھار کھنڈ بتایا گیا ہے ۔ بوئی کل رات اپنے مکان میں سیل فون چارج کرنے میں مصروف تھا کہ برقی شاک کا واقعہ پیش آیا اور وہ برقی کی زد میں آکر ہلاک ہوگیا ۔ گاندھی نگر پولیس کے مطابق 30 سالہ لکشمی نارائنا جو پیشہ سے مزدور تھا بورا بنڈہ علاقہ کا ساکن بتایا گیا ہے ۔ وہ اپنے ساتھیوں رویندر اور آنند راج کے ہمراہ کیبل لائین کے کام میں مصروف تھا اور کنٹراکٹر سے برقی بند کرنے کیلئے کہا گیا تھا ۔ تاہم برقی سربراہی کو ٹھیک ڈھنگ سے بند نہ کرنے کے بعد پیش آئے حادثہ میں تینوں زخمی ہوگئے اور لکشمی نارائنا علاج کے دوران آج فوت ہوگیا ۔ پولیس مصروف تحقیقات ہے ۔