ارکان خاندان کو قتل کا شبہ، گندھاری میں دو گروہوں میںمعمولی جھڑپ
یلاریڈی۔/13 مارچ، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) منڈل گندھاری کے بڑا گجال تانڈا میں برقی شاک لگنے سے 23 سالہ نوجوان کمار فوت ہوگیا۔ سب انسپکٹر مسٹر ستیہ نارائنا نے بتایا کہ تانڈا سے تعلق رکھنے والا کمار شام کے وقت جانوروں کیلئے گھانس کاٹ کر لانے کی غرض سے گھر میں کہہ کر قریب کے مکئی کے کھیت میں گیا، گھانس کیلئے جاکر رات تک گھر واپس نہ آنے سے افراد خاندان میں تشویش پیدا ہوئی اور رات کو اطراف میں تلاش کیا پھر بھی کوئی پتہ نہ چل سکا۔ منگل کی صبح اس تانڈے کے روی نامی کسان نے مکئی کے کھیت میں کمار کی نعش دیکھی۔ کمار گھانس کاٹ کر سر پراٹھاکر گھر آرہا تھا کہ اوپر سے لٹکتے برقی تار گھانس کو لگنے سے اسے برقی شاک لگا اور مقام حادثہ پر ہی فوت ہوگیا۔پولیس کو اطلاع دینے پر پولیس نے آکر معائنہ کیا۔ کمار کا قتل روی نے کیا کہتے ہوئے متوفی کے افراد خاندان نے روی کے مکان پر حملہ کیا اور گھر نذر آتش کرنے کی کوشش کی جس سے دونوں گروپ میں شدید جھڑپ ہوکر حالات کچھ دیر کیلئے کشیدگی اختیار کرگئے۔ یلاریڈی ڈی ایس پی مسٹر ستنا نے تانڈا پہنچ کر حالات پر قابو پایا اور دونوں خاندانوں کو سمجھاکر نعش کا پنچنامہ کرکے سرکاری دواخانہ بانسواڑہ منتقل کیا۔ متوفی کے والد کی شکایت پر پولیس مقدمہ درج کرتے ہوئے تحقیقات کررہی ہے۔