برقی تاروں سے علم مبارک چھوجانے پر ایک شخص ہلاک

نظا م آباد:5؍نو مبر(سیاست ڈسٹرکٹ نیوز)یوم عاشورہ کے موقع پر تلنگانہ کے اضلاع میں ہندو مسلم اتحاداور قومی یکجہتی کو فروغ دیتے ہوئے محرم منایا کرتے ہیں۔ اسی روایت کے مطابق یوم عاشورہ کے روز ناگی ریڈی پیٹ منڈل سے اچیا پلی سے بی بی کا علّم لیکر پڑوسی موضع یاچا پور لے جایا گیا اور یہاں سے دونوں موضع کے دیہاتی کی شکل میں آچا پلی واپس ہورہے تھے کہ درمیان میں نظام ساگر کے مین پور کے پاس 132 کے وی برقی لائن سے بی بی کا علّم ٹکرا گیا اور شارٹ سرکٹ ہوگیااور بی بی کے علّم میں لوہے کا پائپ ہونے کی وجہ سے علّم کو اٹھانے والا سائیلو برسرموقع ہلاک ہوگیا جبکہ دیگر 26 افرادزخمی ہوگئے۔ جن میں بیشتر 9سے 14سال عمر کے طلباء تھے۔ ان میں سے چند افراد کی حالت تشویشناک ہونے پر انہیں فوری گاندھی ہاسپٹل حیدرآباد منتقل کیا گیا۔ اطلاع کے ملتے ہی رکن اسمبلی یلاریڈی اے رویند ریڈی یلاریڈی پہنچ کر مہلوک کے ورثاء سے ملاقات کی اور اس حادثہ کے بعد میں چیف منسٹر مسٹر کے چندر شیکھر رائو سے نمائندگی کرنے اور سرکاری طورپر امداد پہنچانے اور زخمیوں کا علاج کرانے کا ارادہ ظاہر کیا۔ ان کے علاوہ سابق رکن اسمبلی جناردھن گوڑ، کانگریس قائد سریندر، آرڈی او وینکٹیشورلو، ڈی ایس پی بھاسکراور دیگر پولیس عہدیدار یہاں پہنچ کر ضابطہ کی کارروائی کی۔ اس واقعہ کے بعد دونوں دیہاتوں میں غم کی لہر دوڑ گئی۔